لندن: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا کی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 331 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنا سکی۔
لندن میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2019ء کے ایک میچ میں بنگلا دیش کی ٹیم نے جنوبی افریقا کو شکست دیدی ہے۔ پروٹیز کھلاڑیوں نے بہت کوشش کی کہ میچ پر ان کی گرفت مضبوط رہے لیکن بنگلا دیشی باؤلرز نے اسے کامیاب نہ ہونے دیا۔
بنگلا دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے 3 ، محمد سیف الدین نے دو جبکہ مہدی حسن اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی 62 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دیگر بلے بازوں میں مارکرم 45، ملر 38، ڈوسن 41 جبکہ ڈومنی 45 رنز بنا سکے۔ بنگلا دیش کی ٹیم نے پروٹیز کو 21 رنز سے شکست دے کر فتح اپنے نام کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ شکیب الحسن اور مشفق الرحیم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کیں۔
بنگلا دیش کی جانب سے شکیب الحسن اور مشفق الرحیم نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں سکور کیں اور بالترتیب 75 اور 78 رنز بنائے۔
دیگر بلے بازوں میں تمیم اقبال 16، سومیا سرکار 42، مصدق الحسن 20 جبکہ محمد متھون 21 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ محمود اللہ نے 46 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
پروٹیز کی جانب سے اینڈلے فیفلکوایو، عمران طاہر اور کرس مورس نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔