لندن: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کو ’’سرفراز‘‘ کرنے والے کپتان کا کہنا ہے کہ آج کے میچ کی جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو دوں گا۔ بیٹنگ میں اوپنر فخر زمان اور امام الحق نے شاندار آغاز فراہم کیا۔
میچ میں فتح کے بعد بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میچ صبح جلدی شروع ہوا جس کی وجہ سے پہلے دس اوورز بہت اہمیت کے حامل تھے۔ اوپنرز نے اچھی باری کھیلی اس وجہ سے ہم بڑا رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ البتہ کچھ چیزوں میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔
شاداب خان کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سپنر نے بہت جاندار باؤلنگ کی۔ ہمیں پتہ تھا انگلش ٹیم سپنر کیخلاف اتنا اچھا نہیں کھیلتی، فیلڈنگ نے بھی بھی فتح میں کردار ادا کیا ۔اس کے بعد ٹیم پر امید ہے کہ آئندہ میچ بھی جیتیں گے۔
اس موقع پر انگلش کپتان آئن مورگن کا کہنا تھا کہ یہ میگا ایونٹ کے لیے شاندار میچ تھا ہار پر تھوڑا افسوس ہوا، ہمیں لگ رہا تھا کہ جوز بٹلر اور جوئے روٹ کی اننگز کے بعد میچ میں واپسی آسانی سے ہو جائے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان صرف ایک چیز کا فرق تھا وہ صرف ماحول کا تھا، میچ میں 15 سے 20 رنز اضافی بنے۔
پاکستانی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے مورگن کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت اعلیٰ باؤلنگ کی، آج کے میچ میں ہم صرف فیلڈنگ میں کیچ ڈراپ کرنے کی وجہ سے ہارے۔ محمد حفیظ کا کیچ ڈراپ کرنا ہمارے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔ بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں اچھا کھیل کر فتح کے ٹریک پر آئینگے۔
مین آف دی میچ لینے والے سینئر بیٹسمین محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ٹیم کے ہر کھلاڑی کو یقین تھا کہ ہم میچ جیت سکتے ہیں، فتح ملنے پر سب کچھ ہیں۔
مرد میدان کا ایوارڈ لینے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے ٹیم میں جو کردار دیا گیا اس پر عمل کیا، ایماندارانہ بات ہے کہ میچ شروع ہونے سے قبل پر اعتماد تھے کہ ہم میچ جیت سکتے ہیں۔ اس کے لیے ہماری میٹنگ بھی ہوئی تھی اس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ہمیں صرف ایک جیت چاہیے۔ آج کی فتح کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔
بیٹنگ کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آج بھی ویسی اننگز کھیلی جیسے پہلے کھیلتا تھا، آج کی باری میں تھوڑا رسک لیا اور ٹیم کیلیے رنز بنائے۔ انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ہم انگلینڈ میں میچ کھیلنے کے لیے آتے ہیں یہاں کی عوام ہمیں بہت سپورٹ کرتے ہیں جس سے ہمیں لگتا ہے کہ اپنے ملک میں کرکٹ کھیل رہے ہیں۔