ساؤتھ ہیمٹن: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت نہ ہوا۔ بھارتی باؤلرز نے شاندار حکمت عملی سے باؤلنگ کروائی اور پروٹیز کو صرف رنز 227 پر محدود کر دیا۔
بھارتی باؤلرز جسپریت بمرا اور بھونیشور کمار نے ابتدائی اوورز میں جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو خاصا پریشان کیا۔ ہاشم آملہ صرف 6 رنز بنا کر جسپریت بمرا کی گیند پر روہت شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد جسپرت بمرا نے ہی دوسرے اوپنر کوئنٹن ڈی کاک کو بھی کوہلی کے ہاتھوں کیچ کروایا، انہوں نے صرف 10 رن بنائے۔
اس کے بعد کپتان فاف ڈوپلیسی اور روسی وینڈر ڈوسن نے جنوبی افریقا کو مشکل سے نکالنے کی کوشش کی لیکن انڈین سپنرز نے انھیں سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ یزویندرا چہل نے دونوں کو ایک ہی اوور میں پویلین واپس لوٹا کر انڈیا کی میچ پر گرفت مضبوط کر دی۔
بعد ازاں چائنامین سپنر کلدیپ یادو نے نئے آنے والے بیٹسمین جے پی ڈومینی کو ایل بی ڈبلیو کر دیا، انھوں نے صرف تین رنز بنائے۔ ڈیوڈ ملر اور اینڈلے فیفلکوایو نے جنوبی افریقا کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن چہل نے یکے بعد دیگرے دونوں کو آؤٹ کرکے جنوبی افریقا کی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا۔
میچ کی براہ راست اپ ڈیٹس کے لئے لنک کو کلک کریں
ان بلے بازوں کے علاوہ مورس نے 42 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ربادا نے 31 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے یزویندرا چہل نے 4، بھونیشور کمار اور بمرا نے دو دو جبکہ کلدیپ یادیو نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ پچاس اوورز میں 227 رنز بنائے۔
ساؤتھمپٹن میں کھیلے جانے والے اس میچ سے انڈیا کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اپنے سفر کا آغاز کیا ہے جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم دو میچ کھیلنے کے باوجود تاحال ان مقابلوں میں پہلی فتح کی تلاش میں ہے۔