لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور انگلینڈ کے اعصاب شکن مقابلے میں میچ ریفریز نے بھی جارحانہ اننگز کھیلی۔ گرین شرٹس کو سلو اوور ریٹ جبکہ انگلش کھلاڑیوں جوفرا آرچر اور جیسن روئے کو جرمانہ کر دیا۔
دنیا نیوز کے مطابق زور کے اس جوڑ میں گیند خراب کرنے کا شور بھی پڑا رہا، امپائر نے دونوں کپتانوں کو بال کو دانستہ گراؤنڈ پر گرانے سے روک دیا۔
میچ کے دوران ستائیسویں اوور میں وائڈ بال دینے پر جوفرا آرچر نے ردعمل دکھایا ان سمیت جیسن روئے پر ضابطے کی خلاف ورزی کا الزام لگا جس پر ریفریز نے دونوں کو میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ کر دیا۔
دوسری جانب سلو اوور ریٹ پر گرین شرٹس کے کپتان سرفراز احمد کو 20 اور کھلاڑیوں کو 10 فیصد جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ اس کے علاوہ باؤنڈری لائن پر گیند کے ایل ای ڈی سے لگنے کے بعد اسے چیک کیا گیا۔
چلتے چلتے مبینہ طور پر بال خراب ہونے کی باتیں انگلش کپتان این مورگن کی پریس کانفرنس میں بھی ہوئیں جسے شتر بے مہار انگلش میڈیا نے بال ٹمپرنگ سے جوڑنے کی کوشش بھی کی۔