لندن: (دنیا نیوز) انگلینڈ میں کرکٹ ورلڈ کپ کا اہم میچ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین کل کھیلا جائیگا جس میں پاکستانی شاہینوں کی کامیابی کیلئے ملتان کے کھلاڑیوں نے کپتان کو بہتر حکمت عملی اختیار کرنے کیساتھ ٹیم کو بھی مفید مشورے دئیے ہیں۔
ملتان کے شائقین جنوبی افریقہ کیخلاف قومی ٹیم کی کامیابی کیلئے پرامید تو ہیں تاہم کلب کرکٹرز کا کہنا ہے کہ جیت کیلئے بیٹنگ، باؤلنگ اور شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کرنا ہو گا، قومی کرکٹر صہیب مقصود نے شائقین کو ٹیم پرتنقید نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی تاحال مایوس کن ہے تاہم اسکے باوجود انضمام الحق کے شہر ملتان میں شائقین کرکٹ اور کھلاڑی چھٹے میچ میں قومی ٹیم کی کامیابی کیلیے پرامید ہیں، اسی لیے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کو ہرانے کیلئے قومی کرکٹر صہیب مقصود نے کپتان کو حسن علی کی جگہ شاہین افریدی اور محمد حسنین کو کھلانے کا مشورہ دے دیا ہے اور شائقین کرکٹ سے بھی قومی ٹیم کو تنقید کا نشانہ نہ بنانے کی خصوصی درخواست کی ہے۔
کرکٹ بائی چانس جبکہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے اسی لیے کلب کرکٹ کے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم ہارے یا پھر جیتے، ہمیں پاکستانی شاہینوں سے پیار ہے تاہم جنوبی افریقہ سے جیتنے کیلئے پاکستانی ٹائیگرز کو بیٹنگ، باولنگ اور شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
بیانوے کے ورلڈ کپ میں چھے بیٹسمین اور پانچ باولر کا ٹیم کمبینیشن تھا لیکن موجودہ صورتحال میں کرکٹ پچ کی مناسبت سے ٹاس بھی جیت اور ہار میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔