لندن: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ساؤتھ افریقہ کیخلاف میچ کے دوران سکواڈ میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے تاہم حتمی الیون کا فیصلہ ٹاس پر وکٹ دیکھ کر کیا جائے گا۔
ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا سے میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم اس میچ میں بہترین کرکٹ کھیلے گی، ٹورنامنٹ اوپن ہے، گرین شرٹس ٹیم کوشش کرے گی کہ اچھا کھیل کر کم بیک کرے۔ ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان کا ریکارڈ اچھا ہے اور اس کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھارت کے میچ کے بعد سے شروع ہونے والی تنقید اور ذاتی حملوں پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ کرکٹ پر بات کریں کسی کو برا نہیں لگتا لیکن گالیاں کسی کو پسند نہیں اور ایسا ہونا ٹھیک بھی نہیں ہے۔
انہوں نے سابق کرکٹرز پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ سینئرز تو ٹی وی پر خدا بن کر بیٹھے ہیں وہ پاکستانی پلیئرز کو کرکٹر ہی نہیں مانتے اور اگر ان کے بارے میں کچھ کہا تو وہ اور لتاڑ دیں گے۔ اس وقت کھلاڑی جن حالات سے گزر رہے اس کا کسی کو اندازہ ہی نہیں، ایسے میں ٹیم کو سپورٹ کی ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں کپتان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ کے دوران جمائی ایک فطری عمل تھا جو ہونا ہو گیا، جمائی لینا کوئی گناہ نہیں۔ میں جیسا پہلے تھا ویسا ہی ہوں میں نے اونچا اڑنا نہیں سیکھا کیونکہ جب گروں تو سنبھلنا مشکل نہ ہو، برے دن ہیں گزر جائیں گے۔