لاہور: (دنیا نیوز) بابر اعظم 333 رنز بنا کر عالمی کپ میں بلے بازوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آ گئے، سٹائلش بیٹسمین حالیہ میگا ایونٹ میں سنچری بنانے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی بن گئے، نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ہی انہوں نے تین ہزار رنز مکمل کرنے کا سنگ میل بھی عبور کر لیا۔
شاندار کارکردگی سے ورلڈ کپ میں پاکستان کو واپسی کی امید دلانے والے بابر اعظم کا ایک اور اعزاز، عالمی کپ میں 333 رنز بنا کر چھٹے نمبر پر آ گئے۔
آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر پانچ سو رنز بنا کر سرفہرست ہیں، ان کے بعد بنگلادیش کے مشفق الرحیم اور بھارت کے روہت شرما ہیں، بابر اعظم میگا ایونٹ میں سب سے زیادہ چوکے لگانے والے بلے بازوں میں بھی چھٹے نمبر پر آ گئے۔
سٹائلش بلے باز نے چونتیس دفعہ گیند کو باؤنڈری لائن کے پار پہنچایا، 066.6 کی ایوریج سے سکور کر کے آٹھویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔ پاکستان کے سٹائلش نوجوان بیٹسمین کی 101 رنز کی اننگز حالیہ ورلڈ کپ کی 16ویں بڑی اننگز بن گئی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ہی انہوں نے تین ہزار رنز مکمل کرنے کا سنگ میل عبور کیا۔ بابر اعظم 70ویں میچ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے تیز ترین پاکستانی اور تیز ترین ایشین بھی بن گئے۔
بابر سے قبل تیز ترین پاکستانی کا ریکارڈ انضمام الحق کے پاس تھا جنہوں نے ستاسی اننگز میں تین ہزار رنز مکمل کئے تھے، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ نے ستاون اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔