لاہور: ( روزنامہ دنیا ) پاکستان نے اتوار کے روز جنوبی افریقہ کو ایک واضح مارجن سے شکست دی لیکن پاکستان نے کیچ ڈراپ کرنے کے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔
پاکستان نے اس ورلڈ کپ میں اب تک باقی تمام ٹیموں کے مقابلے میں سب سے زیادہ کیچ ڈراپ کئے ہیں۔ پاکستان کی ٹیم نے رواں ورلڈ کپ میں اب تک چھ میچ کھیلے اور کرِک انفو کی فہرست کے مطابق 14 کیچ ڈراپ کر کے کیچ ڈراپ کرنے والی ٹیموں میں سرفہرست ہے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں محمد عامر نے انتہائی عمدہ بولنگ کی لیکن دو یقینی کیچ ڈراپ کیے۔ محمد عامر نے پہلے اپنی ہی گیند پر ریٹرن کیچ ڈراپ کیا اور پھر وہاب ریاض کی گیند پر کیچ ڈراپ کر کے وہاب ریاض کو گزشتہ ورلڈ کپ میں شین واٹسن کا وہ کیچ یاد دلا دیا جو راحت علی نے اسی پوزیشن پر چھوڑا تھا۔
پاکستان کے کپتان سرفراز احمد تواتر کے ساتھ کیچ یا سٹمپ کرنے کے مواقع ضائع کر رہے ہیں۔ جب محمد عامر نے وہاب ریاض کی گیند پر کیچ چھوڑا تو اسی اوور میں پہلے سرفراز احمد کیچ ڈراپ کر چکے تھے۔ اسی طرح آسٹریلیا کے خلاف میچ میں سرفراز نے اس کیچ کو پکڑنے کی کوشش ہی نہیں کی جو بطور کیپر انہیں کرنی چاہیے تھی۔
پاکستان کے بعد انگلینڈ 12 کیچ ڈراپ کر کے دوسرے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کی طرف سے بعض فیلڈروں نے ناقابل یقین کیچ پکڑے ہیں جن میں بین سٹوکس ہیں لیکن وہ تقریباً ہر میچ میں کیچ ڈراپ کر رہے ہیں۔ نیوزی لینڈ بھی ٹورنامنٹ میں 9 کیچ ڈراپ کر کے فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔ فاسٹ بائولر ٹرینٹ بولٹ نے جنوبی افریقہ کے بلے باز مارکرم کا کیچ ڈراپ کیا لیکن اسی میچ میں بولٹ نے ایک انتہائی شاندار کیچ پکڑ کر اپنی غلطی کی تلافی کر دی۔
جنوبی افریقہ رواں ٹورنامنٹ میں 8 کیچ ڈراپ کر کے فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔ جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں اوپر تلے کین ولیمسن کے دو کیچ ڈراپ کیے اور جب کیچ پکڑ لیا تو وکٹ کیپر کو یہ معلوم ہی نہیں ہو سکا کہ گیند بلے کو چھو کر آئی ہے۔ ڈیوڈ ملر اور پاکستانی نژاد عمران طاہر نے شاید سب سے زیادہ کیچ ڈراپ کیے ہیں۔
ویسٹ انڈیز نے رواں ٹورنامنٹ میں چھ کیچ ڈراپ کیے۔ ویسٹ انڈیز نے اس ٹورنامنٹ میں کچھ ایسے شاندار کیچ پکڑے ہیں جو عرصے تک لوگوں کو یاد رہیں گے۔ فاسٹ بائولر شیلڈن کوٹرل نے سٹیو سمتھ کا بائونڈری پر جو کیچ پکڑا وہ ابھی تک ٹورنامنٹ کا سب سے شاندار کیچ تصور کیا جا رہا ہے۔
سری لنکا کا شمار ان ٹیموں میں ہوتا ہے جنہوں نے ٹورنامٹ میں عمدہ فیلڈنگ کی ہے ۔ سری لنکا نے رواں ٹورنامنٹ میں اب تک صرف تین کیچ ڈراپ کیے ہیں۔ انڈیا نے ٹورنامنٹ میں ایک کے سوا تمام کیچ پکڑے۔