ورلڈ کپ: شکیب الحسن نے افغانستان کیخلاف بنگلہ دیش کو فتح دلوا دی

Last Updated On 26 June,2019 11:49 pm

ساؤتھمپٹن: (ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے 31 ویں میچ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو زیر کر لیا۔ شکیب الحسن کے آل راؤنڈ کارکردگی نے ٹائیگر کو فتح دلوائی اور مرد میدان قرار پائے۔ 263 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان ٹیم 200 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سمیع اللہ شنواری 48 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شکیب الحسن نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل بنگلہ دیش نے مشفیق الرحیم اور شکیب الحسن کی نصف سنچریوں کی بدولت 262 رنز کا سکور بورڈ پر سجایا۔ مجیب الرحمن کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔

مکمل سکور کارڈ دیکھیں

افغانستان کی اننگز۔۔۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی طرف سے اننگز کا آغاز کپتان گلبدین نائب اور رحمت شاہ نے کیا۔ دونوں نے سست رفتار میں بیٹنگ کا آغاز کیا۔ رحمت شاہ 35 گیندوں پر 24 سکور بنا کر شکیب الحسن کا شکار بن گئے، دوسرا نقصان حشمت اللہ شہیدی کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ بیٹسمین 31 کے مجموعی سکور پر 11 رنز کی باری کھیل کر مصدق حسین کی گیند پر چلتے بنے۔

کپتان گلبدین نائب 75 گیندوں پر 47 سکور کی باری کھیل کر شکیب الحسن کی گیند پر لٹن داس کو کیچ دے کر وکٹ گنوا دی۔ محمد نبی کو شکیب الحسن نے صفر پر بولڈ کیا۔ اصغر افغان 20 رنز بنا کر شکیب الحسن کی گیند وکٹ گنوا بیٹھے۔ اکرم علی خیل 11 جبکہ نجیب اللہ زدران نے 23 کی باری کھیلی۔ راشد خان دو رنز بنا کر مستفیض الرحمن کی گیند پر مشرفی مرتضیٰ کو کیچ دے بیٹھے۔ دولت زدران صفر پر چلتے بنے۔

افغانستان کی پوری ٹیم 200 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ شکیب الحسن نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے دس اوورز میں 29 رنز دیئے۔ مستفیض الرحمن نے دو شکار کیے۔
 

بنگلہ دیش کی اننگز۔۔۔۔
اس سے قبل افغانستان کی طرف سے ٹاس جیت کر بنگال ٹائیگر کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی گئی۔ اننگز کا آغاز تمیم اقبال اور لٹن داس نے کیا، پانچویں اوور میں لٹن داس 16 رنز بنا کر مجیب الرحمن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ تمیم اقبال 82 کے مجموعی رنز پر 36 سکور بنا کر چلتے بنے۔ محمد نبی نے انہیں بولڈ کیا۔

ورلڈ نمبر ون آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ایک مرتبہ پھر شاندار کارکردگی دکھائی اور نصف سنچری بنائی تاہم 51 کی باری کھیلنے کے بعد مجیب الرحمن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ سومیا سرکار تین رنز بنا کر کریز چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ محمود اللہ 38 گیندوں پر 27 رنز بنا کر گلبدین نائب کی گیند پر چلتے بنے۔

مصدق حسین نے 35 سکور بنائے اور گلبدین نائب کا شکار بن گئے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین مشفیق الرحیم نے ایک مرتبہ پھر شاندار کارکردگی دکھائی اور 87 گیندوں پر 83 رنز کی شاندار باری کھیلی۔ اس اننگز کے دوران انہوں نے 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 262 رنز بنائے۔ مجیب الرحمن نے تین، گلبدین نائب دو، محمد نبی اور زدران کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔