لندن: (روزنامہ دنیا) قومی بیٹسمین حارث سہیل نے ایک بار پھر اپنے انتخاب کو درست ثابت کر تے ہوئے ناقدین کے منہ بند کردئیے۔ انہوں نے نہ صرف اپنے سینئرز کے بیان کو بیٹنگ سے متعلق غلط ثابت کیا بلکہ شعیب ملک کی ورلڈکپ مہم جوئی بھی ختم کر دی ہے۔
واضح رہے کہ سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر عبدالرزاق نے چند دن قبل کہا تھا کہ حارث سہیل ون ڈے کے بیٹسمین نہیں ہیں اور انہیں ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم میں شامل نہیں کرنا چاہئے تھا۔
2018 سے حارث سہیل نے پاکستان کیلئے 53 کی اوسط سے 643 رنز بنائے جس میں دو سنچریاں بھی شامل ہیں۔ انہیں ٹرینٹ برج میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ کپ میچ کھلایا گیا جس میں انہوں نے آٹھ رنز بنائے تھے جس کے بعد شعیب ملک ٹیم میں آگئے اور حارث سہیل کو ورلڈ کپ کے تین میچوں میں باہر کرنا پڑا۔
آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف دو میچوں میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہونے پر شعیب ملک کو خراب بیٹنگ فارم کی وجہ سے ڈراپ کیا گیا جبکہ انہوں نے ورلڈ کپ میں جس طرح کی کارکردگی دکھائی ہے۔ اس کے بعد ٹی ٹونٹی ٹیم میں بھی ان کی جگہ مشکل دکھائی دے رہی ہے تاہم 37 سالہ شعیب ملک ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کھیل کر انٹر نیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنا چاہتے ہیں۔