برمنگھم: (دنیا نیوز) برمنگھم میں شاہینوں نے تیاریاں تیز کردیں، لارڈز کی فاتح سرفراز الیون کیلئے اب غلطی کی گنجائش نہیں، آج نیوزی لینڈ سے مقابلہ ہوگا، میگا ایونٹ میں کیویز اب تک ناقابل شکست ہیں۔
ہار نہیں، اب صرف جیت، غلطی کی گنجائش ختم ہو گئی۔ ورلڈ کپ میں شاہینوں کا اب ہر میچ فائنل ہے۔ آج سرفراز الیون کا نیوزی لینڈ سے سامنا ہوگا۔ برمنگھم میں سہ پہر ڈھائی بجے میدان سجے گا۔
گرین شرٹس کی تیاریاں مکمل ہیں۔ قومی کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں خوب پسینہ بہایا۔ جنوی افریقہ کو ہرانے کے بعد پاکستان کے چھ میچز میں پانچ پوائنٹس ہیں۔
محمد عامر، بابر اعظم، حارث سہیل اور شاداب خان آج نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹیم کی امیدوں کا محور ہوں گے، اُدھر کین ولیمسن، مارٹن گپٹل اور ٹرینٹ بولٹ بازی پلٹنے کو تیار ہیں۔
پاک نیوزی لینڈ معرکے میں برمنگھم کا ہیرو کون ہو گا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑی کچھ الگ کر دکھانے کو بے تاب ہیں۔ محمد عامر کی سوئنگ، یارکر اور عمدہ فارم کیویز کے لئے خطرے کا نشان ہے۔
بابر اعظم دلکش اسٹروک سے ٹیم کی کشتی پار لگانے کو تیار ہیں تو حارث کو اپنی بلے بازی پر مان ہے، جو آج اپنی پرفارمنس سے فخر پاکستان بنیں گے۔ گگلی ماسٹر شاداب نیوزی لینڈ کی فتوحات کا راستہ روکنے کو بے تاب ہیں۔
حریف کپتان کین ولیم سن کی بلے بازی شاہینوں کے لئے بڑا چیلنج ہے، مارٹل گپٹل کی جارحانہ بیٹنگ نیوزی لینڈ ٹیم کا بڑا سہارا ہے۔ ٹرینٹ بولٹ کی لائن لینتھ، لوکی فرگوسن کی تیز رفتاری بھی کیویز ٹیم کا اہم ہتھیار ہو گی۔ عمدہ فیلڈنگ بھی دونوں ٹیموں میں نمایاں فرق ثابت ہو سکتی ہے۔
کیویز گیارہ پوائنٹس کے ساتھ میگا ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔ عالمی مقابلوں میں گرین شرٹس کا پلڑا بھاری ہے۔ آٹھ میں سے چھ بار بازی اپنے نام کی جبکہ دو مقابلوں میں کیویز نے میدان مارا۔