لندن: (دنیا نیوز) ورلڈ کپ میں آج بھی ایک میچ کھیلا جا رہا ہے، اب تک کی ناقابل شکست بھارتی ٹیم اور ویسٹ انڈیز کے درمیان مانچسٹر میں میدان سج چکا. بھارت نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد اس کے اوپنرز کے ایل راہول اور آرجی شرما کریز پر آئے.
میگا ایونٹ میں آج ایک اور بڑا مقابلہ، مانچسٹر میں 2 ہیوی ویٹ ٹیموں کے مابین میدان سج گیا جس میں ویسٹ انڈیز اور ہندوستان مدمقابل ہیں۔ آج ٹاس کی جیت بھارت کے حصے میں آئی جس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت کے اوپنرز کے ایل راہول اور آر جی شرما نے کریز سنبھالی تو ویسٹ انڈیز کے باولرز نےانھیں کھل کر نہ کھیلنے دیا۔ شرما محض 18 رنز بنا کر روچ کی بال پر ہوپ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ ان کے بعد بھارتی کپتان کوہلی آئے جنہوں نے راہول کی شراکت داری میں 16 ویں اوور کے اختتام تک سکور 72 تک پہنچا دیا۔
گزشتہ روز اولڈ ٹریفورڈ میں بارش کے سبب ٹیموں نے انڈور پریکٹس کی۔ بھارتی ٹیم ورلڈ کپ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے جس نے پانچ میں سے چار میچوں میں کامیابی حاصل کی، ایک خراب موسم کی نذر ہوا۔ کیربیئن ٹیم چھ میں سے چار میچ ہار کر پہلے ہی ٹرافی کی دوڑ سے باہر ہوچکی۔
عالمی مقابلوں میں کوہلی الیون کا پلڑا بھاری ہے، آٹھ میں سے پانچ بار بازی اپنے نام کی۔ تین میچوں میں فتح کا تاج کالی آندھی کے سر سجا۔