کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ون ڈے میں گرین شرٹس نے مہمان ٹیم کو شکست دیکر سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لنکن ٹیم نے 297 رنز بنائے، گوناتھیکلے کی سنچری رائیگاں گئیں، عامر نے تین شکار کیے، پاکستانی اوپنرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ٹیم نے ہدف 49 اوورز میں مکمل کر لیا۔ فخر زمان، عابد علی، حارث سہیل نے ففٹیاں بنائیں۔ سری لنکا کی طرف سے پردیپ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جارحانہ بیٹنگ کرنے پر عابد علی مرد میدان قرار پائے جبکہ بابر اعظم کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔
پاکستان کی اننگز۔۔۔۔۔۔۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز اوپنر فخر زمان اور عابد علی نے کیا، عابد علی نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔ انہوں نے 67 گیندوں پر 74 رنز کی جارحانہ باری کھیلی اور سپنر ڈی سلوا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
وکٹ چھوڑنے سے قبل اوپنرز کے درمیان 123 رنز کی پارٹنر شپ بنی تھی، قومی ٹیم کو دوسرا نقصان بابر اعظم کی شکل میں اٹھانا پڑا، دوسرے میچ میں سنچری بنانے والے بیٹسمین نے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں 26 گیندوں پر 31 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 2 چوکے شامل تھے، فاسٹ باؤلر نوان پردیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
اوپنر فخر زمان نے سیریز کے دوران مسلسل دوسری ففٹی بنائی۔ تاہم ان کی یہ ففٹی سنچری کی تکمیل تک نہ پہنچ سکی اور 91 گیندوں پر 76 رنز بنا کر پردیپ کی گیند پر شناکا کو کیچ دے بیٹھے۔ کپتان سرفراز احمد کی ناکامی کا سلسلہ جاری ہے، اس بار اوپر والے نمبر پر آنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین 33 گیندوں پر 22 رنز بنا کر کمارا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
40 اوورز کے بعد 44 اوورز تک دباؤ کے باعث پاکستانی کھلاڑی باؤنڈریز نہ لگا سکے۔ تاہم 44 اوورز کی پانچویں گیند پر لگ بائی پر ایک باؤنڈری ملی۔ حارث سہیل 50 گیندوں پر 56 رنز بنا کر جے سوریا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
قومی ٹیم نے ہدف49 اوورز میں مکمل کیا۔ افتخار احمد نے 28 رنز جبکہ وہاب ریاض نے 1 سکور کی باری کھیلی۔ لنکن ٹائیگر کی طرف سے پردیپ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
دوسرے میچ کی نسبت شائقین کی بہتر تعداد تیسرا ون ڈے میچ دیکھنے آئی، دورانِ میچ ٹیم کا حوصلہ بڑھایا۔ آخری لمحات میں جب میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوا تو شائقین کی بڑی تعداد پاکستان کے حق میں نعرے لگانا شروع کر دیئے تھے جبکہ شائقین نے سبز ہلالی پرچم اُٹھائے ہوئے تھے، اس دوران چاچا کرکٹر بھی شائقین کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔
سری لنکا کی اننگز۔۔۔۔۔۔
اس سے قبل مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کا آغاز گوناتھیکلے اور فرنینڈو نے کیا، تاہم یہ آغاز اچھا ثابت نہیں ہوا اور لنکن ٹائیگر کی ٹیم کو پہلا نقصان 13 کے مجموعے پر اٹھانا پڑا، اویشکا فرنینڈو 4 رنز بنا کر محمد کا نشانہ بن گئے۔
ون ڈاؤن پوزیشن پر کپتان تھریمانے نے محاذ سنبھال کر ٹیم کا سکور آگے بڑھایا اور پر اعتماد بیٹنگ کی، اس دوران گوناتھیکلے اور تھریمانے نے وکٹ کے چاروں اطراف چند خوبصورت شارٹس کھیلیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 88 رنز کی شراکت داری بنی اور اس کا اختتام سپنر محمد نواز نے کیا جب تھریمانے 53 گیندوں پر 36 سکور بنائے۔
تیسری وکٹ 151 رنز پر گری جب اینجلو پریرا 13 رنز بنا کر فاسٹ باؤلر عثمان شنواری کا شکار بن گئے، حارث سہیل نے ان کا کیچ تھاما۔ بھانوکا 36 سکور بنا کر رن آؤٹ ہو گئے، پہلے میچ میں نروس نائٹیز کا شکار ہونے والے جے سوریا کی اننگز اس بار 3 رنز تک محدود رہی، سپنر شاداب خان نے ان کی وکٹ حاصل کی۔
گوناتھیکلے نے 134 گیندوں پر 133 رنز کی زبردست باری کھیلی، ان کی بیٹنگ میں 16 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، یہ ان کے کیریئر کی دوسری سنچری تھی۔ محمد عامر نے بولڈ کر کے بیٹسمین کو پویلین بھیجا۔ ڈی سلوا کی باری 10 تک محدود رہی اور محمد عامر کی شاندار گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اسی اوور میں سنداکن پہلی ہی گیند پر صفر پر رن آؤٹ ہو گئے۔
شناکا نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 24 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔ سری لنکا کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 297 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی طرف سے محمد عامر 3، عثمان خان شنواری، وہاب ریاض، شاداب خان اور محمد نواز کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
سری لنکن ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئیں، قومی ٹیم امام الحق کی جگہ عابد علی جبکہ عماد وسیم کی جگہ پر محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
یاد رہے قومی ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، پہلا ون ڈے بارش کی نذر ہوگیا جبکہ دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیزیز 5 اکتوبر سے لاہور میں شیڈول ہے۔