ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں

Last Updated On 04 October,2019 03:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے لیے لاہور پہنچ گئی ہے جبکہ سری لنکن کپتان تھریمانے کی قیادت میں بھی مہمان ٹیم لاہور پہنچ گئی ہے۔

قومی ٹیم کو سخت سکیورٹی میں ائیرپورٹ سے ہوٹل پہنچنے پر ہار پہنائے گَئے اور انہیں خوش آمدید کہا گیا، اس دوران گرین شرٹس کے کھلاڑی سیریز جیتنے پر خوشی سے سرشار دکھائی دیئے، ٹی ٹونٹی ٹیم میں شامل احمد شہزاد، عمر اکمل اور فہیم اشرف پہلے سے ہی لاہور میں موجود ہیں ۔

یاد رہے کہ قذافی سٹیڈیم میں 3 ٹی ٹونٹی میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیمیں 4 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس بھی کریں گی، کپتان ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

نشترپارک سپورٹس کمپلکس میں واقع کے داخلی راستوں کو ہر قسم کی ٹریفک اور آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے، پاک سری لنکا ٹاکرے کے حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔ ٹریفک کی روانی کی بہتری کے لئے 10 لفٹرز قذافی سٹیڈیم میں موجود رہیں گے۔

سکیورٹی کے لئے 276 کیمرے، 150 واک تھرو گیٹس، 150 لیڈی سرچ کیبن، 3000 سرچ لائٹس، 800 بیریئرز لگا دیئے گئے ہیں، جام شیریں پارک، لبرٹی مارکیٹ، سن فارٹ پلازہ، ایف سی کالج اور پنجاب یونیورسٹی ہاسٹل میں پارکنگ ایریاز مختص کر دئیے گئے۔

پارکنگ ایریا سے قذافی سٹیڈیم تک شائقین کو مفت شٹل سروس فراہم کی گئی ہے، شٹل سروس کے لیے 68 بسز دستیاب ہونگی، صفائی ستھرائی کے انتظامات کے لئے ایل ڈبلیو ایم سی کے 355 اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لئے 4 ڈمپرز اور 2 ٹیموں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔

ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کے 550 اہلکار، 24 ایمنبولینسز، 42 موٹر بائیک ایمنبولینسز، 10 فائر بریگیڈ، 20 موبائل ریسکیو پوسٹ ڈیوٹی پر موجود ہیں، سٹیڈیم میں 20 بستروں پر مشتمل عارضی ہسپتال نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں قائم کیا گیاہے، 6 بستروں پر مشتمل عارضی ہسپتال پی سی ہوٹل میں بھی قائم کیا گیا ہے جبکہ جناح، سروسز اور جنرل ہسپتال ہائی الرٹ رہیں گے۔