لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا الیون کے درمیان پریکٹس میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا، قومی شاہینوں نے سیریز میں اونچی اڑان بھرنے پر نظریں جما لیں، قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس کی زیر نگرانی نوجوان باؤلرز تیکھی بولنگ کے گر سیکھنے میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی شاہینوں نے سڈنی میں ڈیرہ ڈالا ہوا ہے، جہاں پاکستان اور آسٹریلیا الیون کے ساتھ پریکٹس میچ شیڈول ہے، وارم میچ صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع ہو گا۔
نوجوان کپتان بابر اعظم سمیت کھلاڑی ٹور کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لیے پرجوش ہیں، بڑے مقابلوں سے پہلے مہمان کھلاڑیوں نے زمینی اور آسمانی کنڈیشنز سے واقفیت کے لیے خصوصی مشقیں کیں۔
پریکٹس کے دوران ہیڈ کوچ مصباح الحق نے فیلڈنگ میں مشکل کیچز کی ٹریننگ کرائی۔ وکٹ کیپر محمد رضوان نے ڈائیونگ کیچز کی پریکٹس کی۔
Pakistan team practice session at the SCG. pic.twitter.com/ikhWV4anHK
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 30, 2019
پریکٹس کے دوران سابق لیجنڈز کرکٹر عبد القادر کے صاحبزادے عثمان قادر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کے ساتھ خصوصی پریکٹس کرتے نظر آئے جبکہ فاسٹ باؤلر محمد موسیٰ نے بھی خوب پسینہ بہایا۔
قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق نے بھی پریکٹس سیشن کے دوران خصوصی مشقوں میں حاصل لیا اور اپنی خامیوں پر قابو پاتے ہوئے چند بہترین شاٹس کھیلیں۔
چھوٹے فارمیٹ کے بڑے مقابلوں میں بڑی پرفارمنسز دکھانے کے لیے گرین شرٹس پرامید ہیں۔ نوجوان فاسٹ اٹیک کو ٹریک پر تیز رکھنے کے لیے بولنگ کوچ وقار یونس بھی متحرک نظر آئے، کپتان بابر اعظم سمیت کھلاڑیوں نے بھی کامیابیوں پر نظریں جما لیں۔