لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہارنے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ پوری سیریز کے دوران بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کے شعبے میں ہم بری طرح ناکام ہوئے۔
میچ کے بعد بات چیت کرتے ہوئے قومی کپتان کا کہنا تھا کہ میں سیریز جیتنے پر کینگروز ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ حریف ٹیم نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی، میں خصوصی طور پر میزبان ٹیم کے اوپنر ڈیوڈ وارنر کی بیٹنگ کی بھی تعریف کرنا چاہوں گا جنہوں نے سیریز کے دوران بہت ہی اچھی بیٹنگ کی، ٹرپل سنچری کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں کھیلنا ہمیشہ سے مشکل ہوتا ہے، ہمیں ایک اچھی ٹیم نے ہرایا ہے، پوری سیریز کے دوران بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کے شعبے میں ہم بری طرح ناکام ہوئے تاہم اس دوران کچھ اچھی چیزیں سیکھنے کو ملیں۔
اظہر علی کا کہنا تھا کہ جب ٹیم کے باؤلرز اچھی گیندیں نہیں کرتے تو اس طرح حریف بیٹسمین تیزی کے ساتھ رنز بناتے ہیں جس کے لیے ہمیں اچھی فیلڈنگ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہاں پر اعتراف کرنا چاہتا ہوں کہ ہماری باؤلنگ اٹیک نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل تھا، ہم بہت زیادہ امیدیں لیکر آئے تھے تاہم امیدوں پر پورے نہ اتر پائے۔ یہ چیزیں مستقبل کیلئے بہت اہم ہیں۔
پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ جب آپ ٹیم کیلئے گراؤنڈ میں کھیلیں، بڑا سکور کریں اور بیٹنگ کے دوران بڑی پارٹنر شپ ہمارا ہدف ہونا چاہیے، ہم ان شعبوں میں ناکام رہے۔ پہلی اننگز میں یاسر شاہ نے مزاحمتی اننگز کھیلی اور اچھی فائٹ کی۔ بابر اعظم کے لیے یہ سیریز اچھی ثابت ہوئی، جو ہماری ٹیم کے لیے بہت اچھی علامت ہے۔
کینگروز کپتان ٹیم پین کا کہنا تھا کہ سیریز جیتنے پر خوش ہیں، کھلاڑیوں نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی، سیریز کے دوران اوپنر ڈیوڈ وارنر اور ون ڈاؤن بیٹسمین لبوشین نے زبردست بیٹنگ کی، نوجوان کھلاڑی دن بدن بہتر کھیل پیش کر رہے ہیں۔
وارنر کے 400 رنز کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس بارے میں نہیں سوچا تھا۔ جس وقت کھلاڑی 335 رنز پر موجود تھے مینجمنٹ نے فیصلہ کیا کہ ہمیں اننگز ڈکلیئر کر دینی چاہیے جس پر سب متفق تھے۔
مچل سٹارک کی باؤلنگ کے حوالے سے کینگروز کپتان کا کہنا تھا کہ نہیں بھی سیریز کے دوران باؤلنگ کر کے سب کے دل جیت لیے، لیون کی گھومتی گیندوں نے بھی ثابت کیا کہ وہ ورلڈ کلاس باؤلر ہیں، ہمارے لیے اگلی سیریز بہت اہم ہیں جس کے لیے ہیمں تیار رہنا ہو گا۔
مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کا ایوارڈ لینے والے ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ میں بہت خوش ہوں، میں گزشتہ رات بہت تھکا ہوا تھا، میں پر اعتماد نیند سویا، میچ کے دوران کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی دکھائی، دونوں میچز اننگز سے جیتنا ہمارے لیے بہت اچھی خبر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دوسرے ٹیسٹ میں جیت ہمارے لیے اس بھی بہت ضروری ہے کہ ہم نے جیت اپنے پرانے دوست کے نام کر دی ہے، ہم اپنے دوست (فل ہیوز جو انتقال کر گئے ہیں) کو نہیں بول سکتے۔ ایڈیلیڈ کی پچ بیٹنگ کے لیے اچھی تھی، نیوزی لینڈ میں آئندہ سیریز کے دوران اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔