راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے پہلے روز سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد آئی لینڈرز اوپنرز کرونا رتنے اور فرنینڈو میدان میں اترے اور بیٹنگ کا آغاز کر دیا.
پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی بہار، راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین ٹیسٹ میچ کا آغاز ہو گیا۔ آئی لینڈرز اوپنرز کرونا رتنے اور فرنینڈو نے 26ویں اوور کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 89 رنز بنائے تھے۔ کپتان کرونا رتنے نے 9 چوکوں کی مدد سے 99 گیندوں پر 57 رنز بنائے جبکہ ان کا ساتھ دینے والے فرنینڈو نے 57 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے مجموعی سکور میں 26 رنز کا اضافہ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سری لنکن کپتان ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے، انہوں نے 59 رنز بنائے تھے۔ کرونا رتنے کے بعد مینڈس نے کریز سنبھالی تاہم وہ صرف 10 رنز بنا سکے اورعثمان شنواری کی بال پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔
فرنینڈو کو نسیم شاہ نے شکار کیا، انہوں نے مجموعی سکور میں 40 رنز کا اضافہ کیا، فرنینڈو کا کیچ حارث سہیل نے پکڑا۔ چندی مل کے آوٹ ہونے کے بعد ڈی سلوا نے کریز سنبھالی اور 22 رنز بنائے، دوسری جانب میتھیوز نے 27 رنز کا اضافہ کیا اور مجموعی سکور 171تک پہنچا دیا۔
قبل ازیں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ 10 سال بعد ہوم گراونڈ پر کرکٹ کھیل کر خوشی ہو رہی ہے، امام الحق اور یاسر شاہ ٹیم کا حصہ نہیں، عابد علی اور عثمان شنواری ڈیبیو کریں گے۔ فواد عالم کو بھی 11 رکنی سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت عرصے سے پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیلی، وکٹ دیکھ کر 4 فاسٹ باولرز کھلانے کا فیصلہ کیا۔
سری لنکن ٹیم کے کپتان کرونارتنے کا ٹاس جیتنے کے بعد کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کے کھلاڑی ہر طرح کے حالات میں کھیلنے کے عادی ہیں، میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔