کراچی ٹیسٹ شاہینوں کی گرفت میں، میچ کا چوتھا روز باؤلرز کے نام

Last Updated On 22 December,2019 07:47 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سری لنکن ٹیم مشکلات سے دوچار، آئی لینڈرز کو چار سو چھہتر رنز کا ہدف، دوسری اننگز میں سات وکٹ پر دو سو بارہ رنز بنا لیے۔

سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ٹیم پاکستان نے تین سو پچانوے رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز شروع کی۔ کپتان اظہر علی نے سنچری مکمل کی وہ ایک سو اٹھارہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اننگز میں ریکارڈ چوتھا سیکڑہ بابر اعظم نے جڑا۔ سکور جب 555 رنز تک پہنچا تو اننگز ڈیکلیئر کر دی گئی۔

476 رنز کے تعاقب میں سری لنکا نے بیٹنگ شروع کی جنہیں انتالیس اور پھر چالیس کے مجموعے پر وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ سابق کپتان اینجلو میتھیوز انیس رنز بنا کر کریز چھوڑ گئے۔ چھیانوے اور ستانوے رنز پر پھر دو وکٹیں گرنے سے مہمان آئی لینڈرز کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ کھیل کے اختتام پر سری لنکن ٹیم نے سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 212 رنز بنا لیے ہیں۔ اس وقت فرنینڈو 102 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

ادھر سری لنکا کے خلاف سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی سے تاریخی بنا لیا ہے۔ دوسری اننگز میں ٹاپ کے چاروں بیٹسمین نے سنچریز بنا کر تاریخ رقم کر دی، پاکستانی ٹیم میں ایسا پہلی بار ہوا۔

تاریخ کا حصہ بننے والے بلے بازوں میں بابر اعظم، کپتان اظہر علی سمیت اوپنر عابد علی اور شان مسعود شامل ہیں۔ بابر اعظم سنچری مکمل کرنے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے جس پر پاکستان نے تین وکٹ پر 555 رنز بنا کر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر دی۔

 

کپتان اظہر علی ایک سو اٹھارہ، عابد علی ایک سو چوہتر جبکہ شان مسعود ایک سو پینتیس رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ اس سے قبل دو ہزار سات میں بھارت کے ابتدائی چار کھلاڑیوں نے بنگلا دیش کے خلاف سنچریاں بنائی تھیں۔