لاہور: (دنیا نیوز) بنگلادیش کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لئے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، محمد حفیظ، شعیب ملک اور حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔
قومی ٹی 20 ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے، دیگر کھلاڑیوں میں عماد بٹ، افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حسنین اور محمد رضوان شامل ہیں، موسیٰ خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، احسان علی، عثمان قادر بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔ اوپنرز بلے باز فخر زمان اور امام الحق کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا جبکہ حارث سہیل، وہاب ریاض، محمد عرفان اور محمد عامر بھی ٹیم میں جگہ نہ بناسکے۔
ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا حارث رؤف کو قومی ٹیم میں شامل کر لیا گیا، حارث کی بگ بیش میں کارکردگی سب کے سامنے ہے، محمد حفیظ تجربہ کار کھلاڑی ہیں، ان کی ضرورت محسوس ہوئی، پہلے جن نتائج کی توقع کر رہے تھے وہ نہیں حاصل کرسکے، ٹیم کی تشکیل مکمل مشاورت سے کی گئی۔
مصباح الحق کا کہا تھا 2 دن کی محنت سے ٹیم تشکیل دی، عثمان قادر کی کارکردگی میں بھی بہتری آئی ہے، کوشش ہے ورلڈکپ سے پہلے بہتر ٹیم بنا سکیں، کامران اکمل، سلمان بٹ سمیت ہر کھلاڑی کی پرفارمنس دیکھ رہے ہیں، سرفراز احمد کی فٹنس بہتر ہے، کسی بھی وقت کم بیک کرسکتا ہے۔
خیال رہے بنگلادیش کی ٹیم پاکستان میں 3 ٹی 20، ایک ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم پہلے مرحلے میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پاکستان آئے گی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تین میچز لاہور میں 24، 25 اور 27 جنوری کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم وطن واپس چلی جائے گی۔
بنگلہ دیشی ٹیم پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے فروری کے پہلے ہفتے میں دوبارہ پاکستان آئے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے اختتام پر تیسری مرتبہ پاکستان آئے گی۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان واحد ون ڈے انٹرنیشنل 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ بھی کراچی میں 5 سے 9 اپریل تک کھیلا جائے گا۔