لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور بنگلادیش میں ٹی 20 سیریز کے لئے قذافی سٹیڈیم میں ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوگئی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ کل کھیلا جائے گا۔
کپتان بابر اعظم نے پریس کانفرنس میں مہمان کھلاڑیوں کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنی نمبر ون پوزیشن برقرار رکھنے کی پوری کوشش کریں گے، کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں سمجھنا چاہیئے، کوشش کریں گے کہ شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے، بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ہماری بیٹنگ زیادہ مضبوط ہے، سینئر کھلاڑیوں کو پورا موقع دیا جائے گا، پاکستان لیگ میں بہت کچھ سامنے آئے گا، ٹی ٹونٹی میں جتنا زیادہ سکور ہو باؤلرز کیلئے فائدہ مند ہوتا ہے۔
بنگلادیشی کپتان محمود اللہ کا کہنا تھا ہم پاکستان میں اچھی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں، سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے، پاکستان ٹی ٹونٹی کی نمبر ون ٹیم ہے لیکن ریٹنگ سے فرق نہیں پڑتا، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ سے کئی نئے کھلاڑی منظر عام پر آئے، تمیم اقبال، مستفیض الرحمان سمیت دیگر کھلاڑی موجود ہیں، سینئر کھلاڑیوں کی کمی ضرور محسوس ہو رہی ہے، سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی تحفظات نہیں، پاکستان میں کرکٹ کا بہترین ماحول ہے۔