کراچی: (روزنامہ دنیا) پی ایس ایل سیزن فائیو کیلئے پشاورزلمی کے پاکستانی کھلاڑی وہاب ریاض، امام الحق اور شعیب ملک سمیت دیگر کرکٹرز کراچی پہنچ گئے جن کو سیکیورٹی حکام نے ایئرپورٹ سے مقامی ہوٹل پہنچایا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پشاور زلمی کی ٹیم آج نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن سے ایونٹ کی تیاریاں شروع کرے گی۔ کراچی میں پہلے سے موجود پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم میں ٹریننگ شروع کر دی جن کا میڈیا سے مختصر گفتگو میں کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل کی تیاری کیلئے اسٹیڈیم آئے ہیں اور انہیں پی ایس ایل سیزن پانچ کا بیتابی سے انتظار ہے اور وہ اپنی ٹیم سے بہترین کھیل کی توقع کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ملتان سلطانز کے کوچ اینڈی فلاور اور آل راؤنڈر روی بوپارا بھی پاکستان پہنچ گئے جبکہ عمران طاہر آج اور آف اسپنر معین علی 18 فروری کو پاکستان پہنچیں گے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے پروٹیز پیسر ڈیل اسٹین کا شیڈول ان کی آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں شرکت سے مشروط ہو گیا جس کیلئے کرکٹ جنوبی افریقہ کے فیصلے کا انتظار ہے تاہم اس ٹیم کے دیگرغیر ملکی پلیئرز فل سالٹ، لیوک رونکی اور کالن انگرم کی 15 فروری تک پاکستان آمد متوقع ہے اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف افتتاحی میچ کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکواڈ 16 فروری سے کراچی میں ڈیرے ڈال کر تیاریاں شروع کردے گا۔
رلی روسو اور ڈیوڈ مالان بھی رواں ہفتے کراچی پہنچ جائیں گے جبکہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے غیر ملکی کھلاڑی بھی پانچویں ایڈیشن کیلئے ہفتے کی شب سے کراچی پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔