کورونا وائرس کے باعث ایشیا کپ کیلئے صورتحال غیر یقینی ہے: احسان مانی

Last Updated On 11 April,2020 11:12 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئر مین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے لیے صورتحال غیر یقینی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس پھیلنے کے سبب کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئی ہیں اور ایک کے بعد ایک سپورٹس ایونٹ منسوخ ہو رہے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ فائیو، انڈین پریمیئر لیگ سیزن 13، ٹوکیو اولمپکس 2020 اور اس طرح دیگر چھوٹے بڑے ایونٹ کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ کھیلوں کے تینوں بڑے ایونٹس کے بعد اب ایشیا کرکٹ کپ 2020 کے انعقاد کے بارے میں بھی شکوک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں۔

بھارتی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے احسان مانی کا مزید کہنا تھا کہ خطے کی موجودہ صورتحال میں ایشیا کپ کا انعقاد غیر یقینی ہے، ایشیا کپ کے انعقاد کےحوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: رواں سال ایشیا کپ کا انعقاد مشکل نظر آ رہا ہے: بھارتی کرکٹ بورڈ

ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا غیر یقینی حالات میں ہے، امید ہے ایک ماہ کے اندر کورونا وائرس کی صورتحال واضح ہو جائے گی، ایشیا کپ 2020ء کی میزبانی پاکستان نے کرنا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ رواں سال ایشیا کپ کے انعقاد ہونا مشکل نظر آ رہا ہے۔

بھارت کے کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایشیا کرکٹ کپ 2020 کے انعقاد کے بارے میں بھی شکوک و شبہات پیدا ہو گئے ہیں اور امکان ہے کہ شاید ایونٹ بھی آئندہ برس تک کے لیے ملتوی کر دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ پر اے سی سی جو فیصلہ کرے گا قبول کریں گے: احسان مانی

بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کے دوران بی سی سی آئی کے عہدیدار نے بتایا کہ امکان ہے کہ موجودہ حالات میں شاید ایشیا کرکٹ کپ 2020 رواں سال منعقد نہ ہو سکے۔

بی سی سی آئی کے عہدیدار کا یہ بھی کہنا تھا کہ کووڈ 19 سے معیشت پر تو برے اثرات مرتب ہوئے ہیں، کھیلوں کے منتظمین کو بھی اس سے شدید نقصان پہنچا ہے۔ بی سی سی آئی کو بہت سی مشکلات درپیش ہیں۔ جن سے نمٹنا بھی ایک چیلنج ہے۔

آئی اے این ایس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایشیا کپ 2020 کا میزبان ہے، اس نے رابطہ کرنے پر رواں سال ستمبر میں منعقد ہونے والے ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے حوالے سے زیادہ معلومات فراہم نہیں کیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ: بھارت پاکستان نہ آیا تو ورلڈکپ 2021ء کھیلنے نہیں جائینگے: وسیم خان

پی سی بی کے عہدیدار نے بتایا کہ ایشین کرکٹ کونسل کا اگلا اجلاس کب ہو گا اور ایشیا کپ سے متعلق کیا فیصلے ہوں گے، اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

بھارت کے وزیر برائے کھیل کرن رجیجو کے مطابق رواں سال اپریل کے وسط میں ہی انڈین پریمیر لیگ کے انعقاد کا حتمی فیصلہ متوقع ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلے کا اختیار صرف بی سی سی آئی کے پاس ہے۔

کرن کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت شہریوں کی حفاظت کو ترجیح دی جا رہی ہے اور حکومتی ہدایات پر سختی سے پابندی کی ضرورت ہے۔