کورونا فنڈز کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز کروائے جائیں: شعیب اختر

Last Updated On 08 April,2020 11:26 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیائے کرکٹ کے تیز ترین فاسٹ باؤلر اور سابق پاکستانی کھلاڑی شعیب اختر کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا فنڈز کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز کروائے جائیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے موجودہ صورتحال میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میچز سے جمع ہونے والی آمدنی کو کورونا وائرس کی عالمی وبا کے خلاف دونوں ملکوں میں استعمال کیا جاسکے۔

اپنے زمانے کے تیز ترین بولر کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے باعث 2007 کے بعد سے کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی جاسکی ہے، دونوں ملک صرف آئی سی سی ورلڈکپ اور ایشیا کپ مقابلوں کے دوران مد مقابل آئے تھے۔

ایک بھارتی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بحران کے دور میں میری تجویز ہے کہ تین میچوں کی ایک سیریز کھیلی جائے، اس کے نتائج سے کوئی بھی ناراض نہیں ہوگا۔

شعیب اختر کا مزید کہنا تھا کہ اگر ویرات کوہلی سنچری بنائیں گے تو ہم خوش ہونگے اور بابر اعظم سو رنز کرینگے تو آپ خوش ہونگے، دونوں ٹیمیں فاتح ہونگی اس سے قطع نظر کہ آن دی فیلڈ کیا ہورہا ہے۔

دوسری طرف پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے ٹوئٹر پر اپنے بیٹے اور سابق بھارتی بیٹسمین محمد کیف کے بیٹے کے درمیان مقابلے کی تجویز دیتے ہوئے تحریر کیا ہے کہ ’’تو پھر میچ ہوجائے کبیر اور میکائیل علی اختر کے درمیان۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی پیس کا جواب مل جائیگا۔

انہوں نے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ کبیر کو میری جانب سے پیار دینا۔

دونوں سابق کرکٹر کے درمیان یہ نوک جھونک اس وقت شروع ہوئی جب محمد کیف نے ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں محمد کیف کا بیٹا اپنے والد سے یہ کہتے ہوئے نظر آرہا ہے، ڈیڈ شعیب اختر کی بولنگ کا سامنا کرنا آسان ہے، کیونکہ وہ فاسٹ بولنگ کرتے ہیں اور جب اسے بیٹسمین ہٹ کرتا ہے تو وہ تیزی باؤنڈری پار کرجاتی ہے۔