لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ماضی میں اگر کوئی مثال میچ فکسنگ کے معاملے میں ملوث کھلاڑیوں کے لیے قائم کی ہوتی تو آج ہمیں بدنامی کا سامنا نہیں کر نا پڑتا۔
نجی ٹی وی کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بہت ساری چیزوں کو دیکھ کر چلنا پڑتا ہے اور سخت فیصلے کرنے ہوتے ہیں لیکن افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ماضی میں اس بارے میں نہ کچھ کیا اور نہ ہی مثالیں قائم کیں جس کے بعد اس طرح کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔
سابق آل راؤنڈر کا مزید کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ ماضی میں ہم سے بہت غلطیاں ہوئیں، ہم نے وہاں مثالیں قائم نہیں کیں لیکن اب وقت ہے کہ محمد حفیظ کی بات سے اتفاق کرتا ہوں وہ درست کہہ رہا ہے ،اب آپ قوانین بنائیں اگر اس قسم کے معاملات سے مستقبل میں بچنا چاہتے ہیں۔
ٹیسٹ آل راؤنڈر محمد حفیظ نے گزشتہ دنوں ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے لیے سخت قوانین بنانے چاہئیں ۔