ٹی 20 ورلڈ کپ: آئی سی سی ممکنہ آپشنز کی تلاش میں سرگرداں

Last Updated On 18 April,2020 09:49 am

دبئی: (روزنامہ دنیا) رواں برس آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کی خاطر آئی سی سی ممکنہ آپشنز کی تلاش میں سرگرداں ہے اور گورننگ باڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ کے متعلق حتمی فیصلہ کسی مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

آئی سی سی حکام کو حالیہ عرصے میں ان افواہوں کا بھی سامنا ہے کہ رواں برس شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کورونا وائرس کے نتیجے میں 2021 تک ملتوی کیا جا سکتا ہے تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ہنگامی منصوبہ بندی کرتے ہوئے ہر ممکن آپشن پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ دنیا بھر میں کھیلوں کے بیشتر بڑے ایونٹس کورونا وائرس کی نذر ہو چکے ہیں لیکن کرکٹ آسٹریلیا کی طرح آئی سی سی بھی پرامید ہے کہ ابھی میگا ایونٹ کے انعقاد میں چھ ماہ کا عرصہ حائل ہے لہٰذا اس کا انعقاد ہو سکتا ہے لیکن موجودہ غیر یقینی صورتحال میں پلان کو تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے بیشتر سٹاف کو دو ماہ کی رخصت پر بھیج دیا ہے تاہم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی مقامی آرگنائزنگ کمیٹی بدستور کام کر رہی ہے۔ آئی سی سی ترجمان کا اس بارے میں کہنا ہے کہ وہ گورننگ باڈی کے دیگر ایونٹس کی طرح معمول کی پلاننگ کر رہے ہیں لیکن تیزی سے بدلتے حالات میں ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں اور انہوں نے مربوط ہنگامی پلاننگ کی مشق بھی شروع کر دی ہے جس کے تحت آسٹریلین حکومت، ماہرین اور متعلقہ اتھارٹیز سے رابطے سمیت ممکنہ آپشنز پر بھی غور کیا جا رہا ہے اور ایونٹ سے متعلق کوئی بھی فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔