لاک ڈاؤن میں توسیع،آئی پی ایل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

Last Updated On 16 April,2020 12:49 pm

نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) بھارتی حکومت کی جانب سے پابندیوں میں توسیع کے باعث آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا جس کی وجہ کورونا لاک ڈاؤن کی مدت میں 3 مئی تک اضافہ بتایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے 29مارچ کو شروع ہونے والا ٹورنامنٹ 15 اپریل تک ملتوی کیا گیا تھا اور بی سی سی آئی نے اس وقت یہ جواز پیش کیا تھا کہ مرکزی حکومت نے عالمی وبا پر قابو پانے کی غرض سے بھارت کیلئے تمام ویزے 15 اپریل تک معطل کر دیئے ہیں جس کی وجہ سے ایونٹ کے متعلق کوئی حتمی رائے نہیں دی جا سکتی۔

اگرچہ منگل کو بھارتی حکومت کی جانب سے نافذ کردہ 21 روزہ لاک ڈاؤن ختم ہو گیا تھا لیکن بھارتی وزیراعظم نے اس میں 3 مئی تک توسیع کر دی ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے موجودہ حالات کے تحت تصدیق کردی ہے کہ آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا اور فی الوقت اس کیلئے نئی ونڈو پر غور بھی نہیں کیا جا سکا ہے۔

آئی پی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر ہیمنگ امین نے ایونٹ میں شریک آٹھ فرنچائز کو مطلع کردیا ہے کہ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 3 مئی تک توسیع کے بعد ممکن نہیں رہا کہ ٹورنامنٹ کا ریگولر سمر ونڈو میں انعقاد کرایا جا سکے۔

بی سی سی آئی کے صدر ساروگنگولی نے ٹیلی کانفرنس کے دوران سیکرٹری جے شاہ، آئی پی ایل کے چیئرمین برجیش پٹیل، خزانچی ارون دھومل اور ہیمنگ امین کی مشاورت سے ایونٹ کے التوا کا فیصلہ کیا۔