کورونا وائرس: بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے لاک ڈاؤن میں 3 مئی تک توسیع کر دی

Last Updated On 14 April,2020 05:31 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن میں 3 مئی تک توسیع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کے تناظر میں وزیر اعظم نریندر مودی نے 21 روزہ لاک ڈاؤن میں توسیع کرتے ہوئے اسے 3 مئی تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔

قوم سے خطاب کے دوران وزیر اعظم مودی کا کہنا تھا کہ ہم تمام لوگوں کو 3 مئی تک لاک ڈاؤن میں رہنا ہو گا۔ اس دوران ہمیں اسی طرح نظم و ضبط پر عمل کرنا ہوگا جیسا کہ ہم اب تک کرتے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے ایک ہفتے کے دوران کورونا کے خلاف جنگ میں مزید شدت پیدا کی جائے گی۔ 20اپریل تک ہر قصبے، ہرتھانے، ہر ضلع اور ہر ریاست پر نگاہ رکھی جائے گی کہ وہاں لاک ڈاؤن پر کتنا عمل ہو رہا ہے۔

بھارتی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس دوران جو علاقے اس ’امتحان‘ میں کامیاب ہوں گے، جو ہاٹ سپاٹ نہیں بنیں گے یا جن کے ہاٹ سپاٹ بننے کا خدشہ کم ہوگا، وہاں 20اپریل سے کچھ ضروری سرگرمیوں کی اجازت دی جاسکتی ہے لیکن یہ اجازت مشروط ہو گی اور باہر نکلنے کے ضابطے انتہائی سخت ہوں گے اور لاپرواہی کی صورت میں اجازت ختم کردی جائے گی۔

نریندرا مودی کا کہنا تھا کہ محدود وسائل کے باوجو د بھارت نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے جو اقدامات کیے ہیں اس کی دنیا بھر میں تعریف ہو رہی ہے۔ گر صرف اقتصادی نقطہ نظر سے دیکھیں تو یہ اقدامات مہنگے ضرور لگتے ہیں اور اس کی ہمیں بھاری قیمت بھی چکانی پڑ رہی ہے لیکن عوام کی زندگی سے اس کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج دیگر ملکوں میں بھارت کے مقابلے 25 سے 30 گنا زیادہ کیسیز بڑھ گئے ہیں۔ لیکن ہمارے تجربات سے ثابت ہوگیا ہے کہ ہم نے جو راستہ اختیار کیا ہے وہی ہمارے لیے صحیح ہے۔

دوسری طرف لاک ڈاون میں توسیع پر بعض ماہرین کی جانب سے نکتہ چینی کی جا رہی ہے جبکہ اپوزیشن کانگریس نے قوم کے نام وزیر اعظم مودی کے آج 14اپریل کے خطاب کو ’لفاظی‘ قرار دیا۔
 

Advertisement