لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے واضح انداز میں ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پابندی کے پانچ سال تک بالکل کرکٹ نہیں کھیلی اور پھر تینوں فارمیٹ کے میچز کھیلے، اتنی کرکٹ سے میری باڈی پر پریشر تھا اور میں تھک جاتا تھا۔ اگر مجھے اگلے چھ سال مزید کرکٹ کھیلنی ہے تو ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنی ہی تھی۔
بائیں ہاتھ کے قومی پیسر نے نو عمر نسیم شاہ کو نوجوان قومی فاسٹ باؤلرز میں سب سے بہتر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی لینتھ انہیں دوسرے پیسرز سے ممتاز کرتی ہے ۔
انہوں نے سابق قومی کپتان وسیم اکرم سے گفتگو میں اعتراف کیا کہ نسیم شاہ کی رفتار تو دوسرے فاسٹ باؤلرز جیسی ہے لیکن وہ اپنی عمدہ لینتھ کی وجہ سے دیگر کے مقابلے میں جلد ابھر کر سامنے آئے کیونکہ وہ گیند آگے کرتے ہیں لہٰذا ان کی لینتھ رفتار کے لحاظ سے موزوں رہتی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
محمد عامر کا کہنا تھا کہ محمد حسنین نے بھی حالیہ عرصے میں عمدہ کارکردگی پیش کی لیکن انہیں ابھی کچھ وقت مزید چاہئے جب کہ انہیں اپنی ویری ایشن پر بھی کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ کسی پاکستانی فاسٹ باؤلر کے بجائے آل راؤنڈر عماد وسیم سے زیادہ قریب ہیں
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے چند ماہ قبل محمد عامر اور وہاب ریاض کے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
یاد رہے کہ سابق کپتان اور کمنٹیٹر رمیز راجا نے بھی دونوں کھلاڑیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس وقت قومی ٹیم کو ان کی ضرورت تھی تو انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔
قومی ٹیم میں ان دنوں محمد عامر اور وہاب ریاض کی جگہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور محمد عباس فاسٹ باؤلر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔