لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے پنجاب ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے ”راشن مینجمنٹ سسٹم“ کا افتتاح کر دیا۔ 16 سے زائد فلاحی تنظیمیں کورونا بحران سے متاثر ہونیوالے غریب خاندانوں کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل کر سکیں گی۔
گورنر ہاؤس لاہور میں فلاحی تنظیموں کے قائم پنجاب ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے ”راشن مینجمنٹ سسٹم“ کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر وائس چیئرپرسن سرور فاؤنڈیشن بیگم پروین سرور، اخوات کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب سمیت دیگر بھی موجود تھے جبکہ اس موقعہ پر رابعہ ضیا نے افتتاحی تقریب کے شرکا کو اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر تقر یب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ بدقسمتی سے کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہو رہا، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ان حالات میں غریب خاندانوں کا سہارا بنیں اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں انھیں مکمل طور پر شفاف طریقے سے راشن ان کی دہلیز تک پہنچائیں، اس لیے ہم ”راشن مینجمنٹ سسٹم“ کا آغاز کر رہے ہیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اس سسٹم کے تحت ہم ایسے تمام غریب خاندانوں کا ریکارڈ چیک کر سکیں گے جو کسی بھی فلاحی تنظیم سے مدد لے چکے ہیں یا کوئی فلاحی تنظیم آنیوالے دنوں میں ان خاندانوں کو راشن دے گی، اس لیے اب اس بات کو یقینی بنایا جاسکے گا کہ کوئی بھی خاندان ایک ماہ میں صرف ایک ہی فلاحی ادارے سے راشن حاصل کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پاکستانی قوم آزمائشوں سے گزری ہے۔ ہم نے دہشتگردی اور فرقہ واریت کو شکست دی اور اب کورونا کو بھی شکست دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا بحران کے دوران غریب عوام کا خیال رکھ رہی ہے اور احساس پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کو امدادی رقم فراہم کی جائے گی۔ بہتر حکمت عملی سے کورونا کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد ملی۔ درخواست ہے کہ مخیر حضرات خیرات کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ پاکستان میں کورونا بحران سے متاثر ہونیوالاکوئی بھی خاندان بھوکا نہ رہے۔