لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹویٹ شیئر کر کے 1986ء میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے تاریخی میچ کی یادیں تازہ کرا دی ہیں۔
آئی سی سی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر اکاؤنٹ سے جاوید میانداد کی چھکا مارتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی ہے، ساتھ یہ بھی لکھا کہ 1986 میں آج کے دن 18 اپریل کو پاکستان اور بھارت کے درمیان شارجہ کے کرکٹ گراؤنڈ میں ایک میچ کھیلا گیا تھا۔
On this day in 1986, Javed Miandad struck Chetan Sharma for a six on the final ball to hand Pakistan a thrilling one-wicket win over India in the AustralAsia Cup in Sharjah pic.twitter.com/DdlyqfMH2g
— ICC (@ICC) April 18, 2020
ایشیا کپ کے تحت ہونے والے ان میچز میں فائنل پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلا گیا جس کو دیکھنے کے لیے تقریباً 20 ہزار شائقین سٹیدیم میں موجود تھے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم اور بالخصوص جاوید میانداد کے لیے یہ ایک یادگار میچ تھا جس میں وہ بغیر آؤٹ ہوئے 116 رنز بنا کر قومی ہیرو کے طور پر ابھرے تھے۔ 1986 میں کھیلے گئے اس میچ کے لمحات ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں آج تک نہیں ملتے۔
بھارت نے سات وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان نے نو وکٹوں پر 248 رنز بنا کر فتح حاصل کی تھی۔
جاوید میانداد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو بھارت کے خلاف جیت دلوائی تھی۔ یہ میچ جتوانے کا سہرا آج بھی میانداد کے سر ہی سجتا ہے۔
اس وقت ٹیم کی کپتانی کرنے والے عمران خان نے کپ وصول کرنے کے لیے 29 سالہ میانداد کو ہی سٹیج پر بھیجا تھا۔
پاکستان کو میچ اور کپ جیتنے کے لیے چار رنز درکار تھے، جبکہ ایک بال باقی تھی۔ جاوید میانداد نے آخری گیند پر ایسا چھکا مارا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی صفوں میں افسردگی چھا گئی لیکن پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر خود کو منوانے کے لیے یہ جیت انتہائی اہم ثابت ہوئی تھی۔
آئی سی سی کی ٹویٹ کے جواب میں ایک کرکٹ فین نے اس یادگار چھکے کی ویڈیو بھی شیئر کر دی۔
This is the six.... pic.twitter.com/0ruw97dLQ0
— Saeed (@Saeed06890362) April 18, 2020
کہا جاتا ہے کہ پاکستان کی جیت کا اتنا جشن منایا گیا کہ شام تک شارجہ کی مٹھائی کی دکانیں ہر قسم کے میٹھے سے خالی ہو چکی تھیں۔
1986 میں ایشیا کپ کے تحت ہونے والے ان میچز میں آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان اور سری لنکا کی قومی ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔