لاہور: (سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے لعاب کا استعمال روکنے کیلئے باؤلرز کو میچوں کے دوران ماسک پہنانے کا مشورہ دے دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بال کو شائن کرنے کیلئے اس پر لعاب لگانا باؤلرز کی عادت بن چکی ہے، لہٰذا میچوں کے دوران غیر ارادی طور پر بھی وہ ایسی کوئی کوشش کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کا بہترین حل یہی ہے کہ باؤلرز کو مسلسل ماسک لگانے کی ہدایت کی جائے یا ایسی کوئی چیز استعمال کی جائے جس سے وہ اپنی اس عادت پر رکاوٹ لگا سکیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بال پر لعاب لگانے کی پابندی سمیت مختلف قسم کی احتیاطی تدابیر اپنانے کے مشورے دیئے جا رہے ہیں۔