لاہور: (سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے بابر اعظم کے کوچ رانا صادق کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق خراب حالات کی وجہ سے پھل بیچنے پر مجبور ہونے والے بابر اعظم کے کوچ رانا صادق کی قسمت کھل گئی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرزکی انتظامیہ نے ان کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
رانا صادق کے پھل بیچنے کی خبر دو روز قبل میڈیا کی زینت بنی تھی۔ رانا صادق لاہور کی کارسن گراؤنڈ میں 2 رجسٹرڈ کلبوں میں کوچنگ کے فرائض انجام دیتے ہیں۔
تاہم کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہوئیں تو ان کو گڑھی شاہو بازار میں پھل بیچنے پر مجبور ہونا پڑا۔ لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ ہم ایج گروپ میں بچوں کی ٹریننگ کیلئے رانا صادق کی خدمات حاصل کریں گے۔