لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیزن 2020-21ء کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کااعلان کردیا ہے۔ یکم جولائی سے نافذ العمل سینٹرل کنٹریکٹ میں سپنر انعم امین اور عمیمہ سہیل سمیت 9 خواتین کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔دوسری جانب گذشتہ سیزن کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے سبب بسمہ معروف، جویریہ خان اور ڈیانا بیگ کو سنٹرل کنٹریکٹ میں ترقی دے دی گئی ہے۔
اس ضمن میں پی سی بی نے سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کٹیگریزکے معاوضوں میں اضافہ کردیا ہے۔ کٹیگری اے کی ماہانہ آمدن میں 33 فیصد، بی میں 30 جبکہ سی میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
پی سی بی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی کو سراہنے اور انہیں کھیل کی طرف مزید راغب کرنے کے لیے ایک نئی کٹیگری تشکیل دی ہے۔
ایمرجنگ کٹیگری کی فہرست میں 16 سالہ سیدہ عروب شاہ، 15 سالہ عائشہ نسیم اور 22 سالہ منیبہ علی ، فاطمہ ثناء، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، رامین شمیم، صباء نذیراور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔
Anam Amin, Omaima Sohail get full contracts; 16-year-old Aroob Shah and 22-year-old Muneeba Siddiqui part of the newly-introduced nine-player emerging contract list. More here: https://t.co/46rG8WW7ew https://t.co/gJTtEcqB4r pic.twitter.com/yVBeuzVcQB
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) June 5, 2020
اُدھر پی سی بی نے ڈومیسٹک ایونٹس کے معاوضے بھی بڑھا دئیے ہیں۔ ان ایونٹس کی میچ فیس اور انعامی رقم میں 100 فیصد جبکہ ڈومیسٹک ڈیلی الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
پی سی بی نے بسمہ معروف کو سیزن 2020-21 کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے تاہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہیڈ کوچ اقبال امام کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
Congratulations to @maroof_bismah for retaining the national women’s team s captaincy!
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) June 5, 2020
MORE: https://t.co/46rG8WW7ewhttps://t.co/a2CrOFzF1B pic.twitter.com/8ImP1rkwRo
اقبال امام کی خدمات کو واپس ہائی پرفارمنس سیٹ اپ کے حوالے کردیاگیا ہے۔ ہیڈ کوچ کی تقرری کے لیے اشتہار مقررہ وقت پر جاری کردیا جائے گا۔
سینٹرل کنٹریکٹ لسٹ کے مطابق کٹیگری اے میں بسمہ معروف، جویریہ خان ہیں جبکہ کٹیگری بی میں عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور سدرہ نواز کو رکھا گیا ہے۔ کٹیگری سی میں انعم امین، ناہیدہ خان، عمیمہ سہیل اور ندا ڈار جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
دریں اثناء ایمرجنگ کنٹریکٹ لسٹ میں سیّدہ عروب شاہ، عائشہ نسیم، منیبہ علی ، فاطمہ ثناء، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، رامین شمیم، صباء نذیراور سعدیہ اقبال کو رکھا گیا ہے۔
قومی ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ میں 58 سے زائد رنزکی اوسط سے 292 رنز بنانے والی منیبہ علی نے ایونٹ کے پانچ میچوں میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں بنائیں۔ان کے ہمراہ ایمرجنگ کٹیگری میں شامل عروب شاہ نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنے ڈیبیو میں شاندار کارکردگی کی بدولت پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ 16 سالہ اسپنر کو قومی ایک روزہ چیمپئن شپ کی بہترین باؤلر قرار دیا گیا تھا۔
آئندہ 12 ماہ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر اور اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کپ میں شرکت کرنی ہے۔ اس دوران قومی انڈر 19 خواتین کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنی ہے۔
چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ عروج ممتاز کا کہنا ہےکہ سلیکشن کمیٹی کی جانب سے وہ سنٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والی کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سنٹرل کنٹریکٹ کے اعلان سے قبل سلیکشن کمیٹی نے ا یک طویل مشاورت کی، جہاں گذشتہ 12 ماہ کے دوران قومی خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کا پیمانہ اپنایا گیا ۔
عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ رواں سال بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان کے لیے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بسمہ معروف اور جویریہ خان کو سنٹرل کنٹریکٹ کی اے کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسمہ معروف نے رواں سال ایک روزہ کرکٹ میں 42.60 کی اوسط سے 213 اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 39.33کی اوسط سے 236 رنز بنائے۔ دونوں کرکٹرز اس سے قبل بی کٹیگری کا حصہ تھیں۔