کراچی: (دنیا نیوز) کرکٹ کے نام پر عجب کرپشن کی غضب کہانی،بورڈ دستاویزات نے بھانڈا پھوڑ دیا۔ سابق کرکٹ بورڈ کی ملی بھگت، سرکاری زمین سے کروڑوں روپے ہتھیالیے گئے۔ سابق ممبر پی سی بی گورننگ بورڈ شکیل شیخ کو نوٹس جاری کر دیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ان ایکشن،، اکاونٹس کی چھان بین شروع کر دی گئی، سابق مشیر چئیرمین پی سی بی اور اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدرشکیل شیخ کو خورد برد پر نوٹس جاری کر دیا گیا۔
پی سی بی نے شکیل شیخ سے ایک کروڑ 44 لاکھ روپے وصول کرنے کاحساب مانگ لیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شکیل شیخ بتائیں انہوں نے بطور مشیر چئیرمین پی سی بی کیا کام کیا ؟ انکے غیر ملکی دورے کیوں ضروری تھے ؟ بھاری ٹی اے ڈی اے کی بھی وضاحت کی جائے۔ اسلام آباد میں واقع ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ پر ہونے والے بورڈ اخراجات کا بھی حساب دیا جائے۔
پی سی بی دستاویزات کے مطابق ڈائمنڈ کرکٹ گراونڈ کا کمرشل استعمال کیا جاتا رہا، گراونڈ فیس کے نام پر کنٹریکٹر نے کروڑوں کمائے اورگرانٹ بھی لیتا رہا۔ کنٹریکٹر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سی ڈی اے سے معاہدے کی بھی خلاف ورزی کی۔