لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ دورۂ انگلینڈ ہمیشہ سے مشکل رہا ہے، وہاں کی کنڈیشنز قدرے مختلف ہوتی ہیں۔
ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ انگلش سرزمین پر ہمارے کھلاڑیوں کو پریشانی کا سامنا رہتا ہے، توقع ہے کہ یہ دورہ بہتر رہے گا اور ٹیم بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں مسلسل محنت کی وجہ سے میری فٹنس میں بھی بہتری آئی ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا پریشانی کا شکار ہے،ہم سب کو مل کر اس موذی بیماری سے لڑنا ہو گا۔
سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ غیر معمولی انداز میں منعقد ہونے والی پی ایس ایل 5 کو دنیا میں سراہا گیا، ایونٹ میں دنیا کی بہترین بولنگ کے ساتھ اعلیٰ معیار کی کرکٹ بھی نظر آئی لیکن اس کی چمک کورونا کی وجہ سے ختم ہوگئی۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے ایک میچ میں تماشائیوں سے خالی میدان کو دیکھ کر بہت عجیب سا لگا تھا،تماشائیوں کا گراؤنڈ میں ہونا ایک الگ ہی لطف دیتا ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ میں ان دنوں گھر پر ہی رہ کر فزیکل ٹریننگ کر رہا ہوں جبکہ رننگ کے لیے اپنی گلی کو ٹریک بنایا ہوا ہے، زیادہ تر وقت گھر میں اپنے بیٹے عبداللہ کے ساتھ کرکٹ کھیلنے میں گزر جاتا ہے، میں اس کا نیٹ باؤلر بن کر رہ گیا ہوں۔