لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری سے باہر ہونے پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ میرا ہدف سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگریز کا حصول نہیں بلکہ قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ ہفتے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا تو سابق کپتان سرفراز احمد کو اے کیٹیگری میں برقرار نہیں رکھا گیا تھا بلکہ ان کی یاسر شاہ کے ساتھ ایک درجہ تنزلی ہوئی، اب وہ بی کیٹیگری میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سرفراز احمد ٹیسٹ اور ٹی20کے بعد ون ڈے کے کپتان بھی نہیں رہے تاہم اب کپتانی اور سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کٹیگری کھونے والے سرفراز احمد نے اپنی تنزلی پر خاموشی توڑ دی ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ اتار چڑھاؤ کسی بھی کرکٹر کے کیرئیر کا حصہ ہوتے ہیں، میرے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کی اے، بی یا سی کیٹیگری معنی نہیں رکھتی بلکہ ہر حال میں اللہ کا شکر بجا لانے والا شخص ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا ہدف سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگریز کا حصول نہیں بلکہ قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی ہے کیونکہ کسی بھی چیز کا حصول آسان ہوتا ہے مگر اس کو برقرار رکھنا مشکل ہوتا ہے۔
وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں پاکستان کے بہترین کرکٹرز شامل ہیں جس کی بی کیٹیگری میں بھی عمدہ کھلاڑیوں کا ایک گروپ ہے تاہم ان کا مقصد قومی ٹیم میں جلد از جلد واپسی ہے، جیسا ہی موقع ملے گا وہ ٹیم میں واپس آئیں گے۔
علاوہ ازیں سرفراز احمد نے اے کیٹیگری میں اپنی جگہ ترقی پانے والے شاہین شاہ آفریدی کو باصلاحیت کرکٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان فاسٹ باؤلر اچھے کھلاڑی ہیں اور گزشتہ سال ان کی عمدہ کارکردگی ہی سینٹرل کنٹریکٹ میں ان کی ترقی کی اصل وجہ ہے۔
انہوں نے شاہین شاہ آفریدی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ شاہین آفریدی بہتر کارکردگی کا تسلسل جاری رکھیں گے۔