جویریہ خان نے بابر اعظم اور ایم ایس دھونی کیساتھ پیئر بنانیکی خواہش ظاہر کر دی

Last Updated On 19 May,2020 05:47 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ویمن کرکٹر جویریہ خان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی قائد بابر اعظم اور بھارتی وکٹ کیپر بیٹسمین اور سابق کپتان ایم ایس دھونی کے ساتھ پیئر بنا کر کھیلنے کی خواہش ظاہر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق ‏32سالہ جویریہ خان پاکستان کی طرف سے 103 ون ڈے اور 101 ٹی ٹونٹی میچز کھیل چکی ہیں اور اس وقت ان کا شمار پاکستان کی سینئر ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے ڈریم پیئر مہم کا آغاز کیا گیا ہے، قومی مینز کرکٹ کے بعد ویمن کرکٹر نے بھی اپنا حصہ ڈال دیا ہے، ویمن کرکٹر جویریہ خان نے حالیہ پرفارمنس میں بابر اعظم کو کریڈٹ دیا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم سے رہنمائی لیتی رہتی ہوں، وہ جو بتاتے ہیں اس پر عمل کرتی ہوں، پرفارمنس بہتر بنانے میں مجھے بابرا عظم سے بڑی مدد ملی ہے، ایم ایس دھونی کے ساتھ بھی پیئر بنا کر کھیلنا چاہوں گی ، ایم ایس دھونی کا کرکٹ مائنڈ ہے، ان میں کرکٹ کی بہت سمجھ بوجھ ہے، ان کے ساتھ کھیل کر میچورٹی بہت جلد آجاتی ہے۔

‏جویریہ خان نے ویمن کرکٹرز میں آسٹریلیا کی کرکٹرز ایلیکس بلیک ویل اور میگ لیننگ کا نام لیا اور کہا کہ ایلیکس بلیک ویل ساتھ لے کر چلتی ہیں جب کہ آسٹریلوی کپتان میگ لیننگ کی تیکنیک بہت شاندار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی ویمن ورلڈکپ کوالیفائر ملتوی ہونے سے مایوسی ہوئی لیکن موجودہ حالات میں یہ ایک اچھا فیصلہ ہے کیونکہ کووڈ 19 کے دور میں جان سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پروفیشنل کرکٹر کی حیثیت سے اس سے بڑھ کر میری کوئی اور خواہش نہیں ہو سکتی کہ کرکٹ جلد سے جلد شروع ہو لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اگر حکومت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو کورونا وائرس سے جلد چھٹکارا پانا مشکل ہو جائے گا۔

قومی ویمن کرکٹر کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہم ان دنوں گھروں میں ہیں لیکن اس کے باوجود فٹنس کو برقرار رکھنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تاکہ جب کھیلوں کی سرگرمیاں شروع تو کھلاڑی مکمل فٹ ہوں، میں بھی فٹنس کا بہت خیال رکھتی ہوں، خود کو متحرک رکھنے کی کوشش کرتی ہوں، اس کے لئے میں پرانے میچز کی ویڈیوز دیکھتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سکول اور کالج کے زمانے میں ڈرائنگ اور پینٹنگ کرتی تھی، ڈرائنگ میں اتنی مہارت نہیں رہی لیکن اب پینٹنگ دوبارہ شروع کر دی ہے اور پینٹنگ کرکے وقت گزارنے کی کوشش کرتی ہوں۔