لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے تین سال پابندی کا سامنا کرنے والے بیٹسمین عمر اکمل کے کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے سابق جج 11 جون کو کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر بطورِ انڈیپینڈنٹ ایڈجیوڈیکٹر 11 جون کو عمر اکمل کی جانب سے دائر اپیل پر سماعت کریں گے۔ اس حوالے سےدونوں فریقین، پی سی بی اور عمر اکمل کو نوٹسز جاری کردئیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ 27 اپریل کو جسٹس (ر) فضلِ میراں چوہان نے بطور چیئرمین ڈسپلنری پینل دو مختلف مواقع پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 2.4.4 کی خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائدکی تھی۔ جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھرکی جانب سے فیصلے تک پی سی بی اس معاملے پرمزید تبصرہ نہیں کرے گا۔