کراچی : (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور دورہ انگلینڈ کے لیے منتخب ہونے والے سرفراز احمد نے ٹیم میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکٹ کیپنگ کے لیے رضوان پہلی چوائس ہیں لیکن خوشی ہے کہ ٹیم میں واپسی ہوئی، موقع ملا تو اچھی پرفارمنس دوں گا۔
تفصیلات کے مطابق سابق کپتان سرفراز احمد نے ٹیم میں اپنی واپسی پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ ویڈیو لنک کے ذریعے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کا دورہ مشکل ہوتا ہے مگر وہاں کھیلنے کا تجربہ ہے۔ موقع ملا تو اچھی پرفارمنس دوں گا، ٹیم سے باہر رہنا مشکل تھا۔ تیاری جاری تھی تاکہ واپسی پر مشکل نہ ہو۔
ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ رضوان اچھا کھیل رہے ہیں اس لیے وہ پہلی ترجیح ہیں، سرفراز کا کہنا تھا کہ کچھ غلطیوں کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوا۔ بیٹنگ کوچ یونس خان نے یقیناً حکمت عملی تیارکر رکھی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ فواد عالم اور عابد علی پہلی بار انگلینڈ کی وکٹوں پر اتریں گے، یونس خان ان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کریں گے، دورہ انگلینڈ کا تجربہ مستقبل میں کھلاڑیوں کے کام آئے گا۔ یونس خان اور مصباح الحق کے تجربات کھلاڑیوں کیلئے فائدہ مند رہیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان ٹیم کا کامبی نیشن بہت اچھا ہے، پاکستان کے پاس بہترین فاسٹ بولرز موجود ہیں، ہر بولر کے پاس اپنی ورائٹی اور کوالٹی ہے، امید ہے کہ ہمارے بولرز وکٹیں بھی حاصل کریں گے، پاکستان کے پاس اسد شفیق، اظہرعلی اور بابر اعظم جیسے مستند بیٹسمین ہیں، سیریز میں پاکستان کی طرف سے اچھی کارکردگی متوقع ہے۔