کراچی: (دنیا نیوز) اپنے مداحوں کیلئے جاری ویڈیو پیغام میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر میری صحت بارے کچھ چہ مگوئیاں کی جا رہی تھیں، میں الحمدللہ ٹھیک ہوں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد کچھ دن تکلیف میں گزرے تاہم جیسے جیسے وقت گزرتا رہا میری طبعیت میں بہتری آنا شروع ہو گئی۔
قومی ہیرو نے عوام سے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کو بہت زیادہ سر پر چڑھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ کسی بھی بیماری سے جب تک آپ خود نہیں لڑیں گے، اس کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دن میرے لیے بہت مشکل ہیں کیونکہ میں آئسولیٹ ہونے کی وجہ سے اپنے بچوں سے مل نہیں سکا اور انھیں پیار نہیں کر پایا، انھیں اپنے سینے سے نہیں لگا پایا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے اندازہ تھا کہ مجھے یہ بیماری ہونی ہے کیونکہ لوگوں کو امداد پہنچانے کی غرض سے میں بہت زیادہ سفر میں وقت گزار رہا تھا لیکن میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ میں کورونا وائرس میں شروع میں مبتلا نہیں ہوا، اگر ایسا ہوتا تو میں شاید لوگوں کی مدد نہ کر پاتا۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیٖغام میں مشورہ دیا ہے جو افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہیں یا نہیں وہ احتیاط کو اپنے اوپر لازم کر لیں، بھاپ لیں، لیموں کا استعمال کریں، ادرک کی چائے پییں اور سب سے اہم یہ بات کہ اس وبا سے ڈرنے کی بالکل ضرورت نہیں ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی سب سے چھوٹی بیٹی ‘’عروہ’’ کو بہت زیادہ یاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے ویڈیو کی فلمبندی کے دوران اپنے فون کا کیمرا ‘’عروہ’’ کی طرف گھماتے ہوئے کہا کہ میں اسے کافی دنوں سے بہت زیادہ مس کر رہا ہوں، میں بالکل اس کی قریب جا ہی نہیں پا رہا اور یہ میرے لیے سب سے زیادہ تکلیف دہ چیز ہے۔
اپنی ویڈیو میں انہوں نے تمام بیماروں کے لیے دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سب کو شفائے کاملہ عطا فرمائے، انشاء اللہ بہت جلد پھر آپ سب سے ملاقات ہوگی۔