لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کیخلاف سیریز کے دوران پہلے ٹیسٹ کے لیے پانچ اگست کو میدان میں اُترنا ہے، اس دوران حریف ٹیم کو قابو پانے کے لیے گرین شرٹس نے ’سپن جال‘ اپنانے پر غور کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بدھ 5 اگست سے مانچسٹر کا اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ گراؤنڈ پاکستان اور انگلینڈ کے پہلے ٹیسٹ کا میزبان ہوگا، ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے 3 فاسٹ باؤلرز اور دو سپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اولڈ ٹریفورڈ کی پچ پر سپنرز کے کردار کو دیکھتے ہوئے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے یاسر شاہ کے ہمراہ آل راؤنڈر شاداب خان کو فائنل الیون میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ شاداب خان جو کووڈ 19ٹیسٹ مثبت آنے کے سبب انگلینڈ خصوصی طیارے میں ٹیم کے ہمراہ سفر نہیں کرسکے تھے انگلینڈ پہنچنے کے بعد بھی بطور بالر خاص ردھم میں دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔
ڈربی میں کھیلے گئے پہلے انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ میں پی سی بی وائٹس کے لیے کھیلنے والے شاداب نے 17 اوورز میں 104رنز دیئے تھے اور کوئی وکٹ نہیں لے سکے تھے۔
2018ء میں انگلینڈ میں دو ٹیسٹ میں دو نصف سنچریاں بنانے والے شاداب کو بیٹنگ کو مضبوط کرنے کی غرض سے فاسٹ باؤلر فہیم اشرف پر ترجیح دیئے جانے کا امکان ہے وہ ساتویں نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔
انگلینڈ میں کھیلنے والی پاکستان ٹیم کے چار کھلاڑی اوپنر عابد علی، وکٹ کیپر محمد رضوان، فاسٹ باؤلرز نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی پہلی مرتبہ انگلینڈ میں ٹیسٹ کھیلنے میدان میں اتریں گے۔
مانچسٹر میں پاکستان کی پہلے ٹیسٹ کے لیے ممکنہ گیارہ ارکان پر مشتمل ٹیم کے کھلاڑی یہ ہوں گے۔
اوپنر عابد علی، شان مسعود، بابر اعظم ، اظہر علی ( کپتان)، اسد شفیق، محمد رضوان، شاداب خان، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور نسیم شاہ