ایک اور اعزاز، بابراعظم تینوں فارمیٹس کے ٹاپ فائیو رینکنگ میں شامل ہونیوالے واحد کھلاڑی

Published On 18 August,2020 04:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی بلے باز اور کپتان بابراعظم ایک کے بعد ایک اعزاز اپنے نام کرتے جا رہے ہیں، سٹائلش بیٹسمین نے ٹیسٹ ریکنگ میں بھی پانچویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بابراعظم کرکٹ کے تینوں فارمیٹ ٹیسٹ، ون ڈے اورٹی ٹوئنٹی کے ٹاپ فائیو رینکنگ میں شامل ہونے والے واحد کھلاڑی بن گئے ہیں۔

آئی سی سی کی بلےبازوں کیلیے جاری کردہ رینکنگ میں بابر اعظم کےعلاوہ کوئی بھی ایسا کھلاڑی نہیں جو تینوں فارمیٹ کے ٹاپ فائیو کھلاڑیوں میں شامل ہو۔

آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستانی بلےبازبابراعظم 879 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں، ایک روزہ کرکٹ کے بلےبازوں کی رینکنگ میں بابراعظم 829 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن برقراررکھے ہوئے ہیں جبکہ آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں بابراعظم کی ایک درجےمزید ترقی ہوئی گئی ہے۔ مڈل آرڈر بلے باز 798 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پرآگئے ہیں۔

دوسری جانب بولر محمد عباس بھی دو درجہ ترقی پا کر رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

 ایک روزہ کرکٹ میں محمد عامر چھٹے بہترین باؤلر ہیں اورعماد وسیم بہترین آل راؤنڈرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

عماد وسیم ٹی ٹوئنٹی کی باؤلنگ میں ساتویں نمبر پر ہیں اور شاداب خان نویں نمبرپر موجود ہیں۔

پاکستانی ٹیم کی ٹیسٹ کرکٹ میں پوزیشن ساتویں ہے، ایک روزہ کرکٹ میں چھٹی اور ٹی ٹوئنٹی طرز میں چوتھی پوزیشن ہے۔