دورہ انگلینڈ پر پاکستان کرکٹ بورڈ قومی کرکٹ ٹیم کا مشکور ہے: وسیم خان

Published On 02 September,2020 04:29 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے مشکل اور غیرمعمولی حالات میں انگلینڈ کا دورہ مکمل کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کے 44 رکنی اسکواڈ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ وہ ان مشکل ترین اور غیرمعمولی حالات میں کرکٹ کی بحالی کی غرض سے بہادری، قربانی اور عزم کا مظاہرہ کرنے والے ہر کھلاڑی اور سپورٹ سٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ نہ صرف پی سی بی بلکہ دنیا بھر میں موجود کرکٹ برادری اورشائقین اس عمل کو سراہنے کے ساتھ ساتھ ان کی تعریف کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں اپنے پیاروں اور قریبی افراد کےساتھ وقت گزارنا انسانی جبلت ہے مگران کھلاڑیوں نے ملک اور کھیل کے وسیع تر مفاد کی خاطر اس دورے کے لیے رضامندی کا اظہار کیا۔

وسیم خان نے کہا کہ کوویڈ19 کی وباء کے پھیلاؤ کے سبب دستبرداری کی آپشن کے باوجود ان کھلاڑیوں کی جانب سے اڑھائی ماہ کے لیے شیڈول اس ٹور کے لیے آمادگی ظاہر کرنے پر وہ بہت فخر محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے پر ہمارے کھلاڑیوں نے نہ صرف مسابقتی کرکٹ کھیلی بلکہ بھرپور مقابلہ کیا جس سے پاکستان، کرکٹ اور پی سی بی کی ساکھ میں اضافہ ہوا، اگرچہ تاریخ اس دورے کو کئی مواقع گنوانے سے یاد رکھے گی مگر یہاں یہ بھی یاد رکھا جائے گا کہ ان شاندار کرکٹرز نے اس دورے کے لیے کرکٹ اور قومی مفاد کو ترجیح دی۔

انہوں نے کہا کہ ان جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی میں پاکستان میں کرکٹ کا مستقبل محفوظ اور روشن ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ وہ اپنے کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی آج بخیر وعافیت وطن واپسی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر ٹیم کی شاندار میزبانی کرنے پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے، ان کا بھرپور خیال رکھا گیا اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کی گئی۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ اب ہم آئندہ چند ماہ ای سی بی کے ساتھ مل کر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے 2022 میں دورہ پاکستان پر کام کرنے کے منتظر ہوں گے۔