لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کووڈ19 پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے ملک بھر میں کرکٹ کی سرگرمیوں کی مرحلہ وار، بتدریج اور محتاط بحالی کا دوبارہ سے آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے پی سی بی نے پہلے مرحلے میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ کوویڈ 19 پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے فی الحال موجودہ کرکٹرز کے لیے سہولیات کھولنے اور تفریحی کرکٹ (غیر پیشہ ور) کی دوبارہ بحالی کی اجازت دی ہے۔
آئندہ کرکٹ سیزن کی تیاری کے لیے ایلیٹ کھلاڑیوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اس عمل کی تیاری میں پی سی بی کے میڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنسز نے صورتحال کا بغور جائزہ لیا ہے۔
دوسرے مرحلے میں پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ سیزن سے متعلق اپنے پروٹوکولز جاری کرے گا۔ پی سی بی ملک میں کورونا وائرس کی بدلتی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے اور اس ضمن میں جب مناسب سمجھے گا پروٹوکولز میں تبدیلی کرسکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی نے گلوبل میڈیا رائٹس کی فروخت کیلئے اظہار دلچسپی کی درخواستیں طلب کر لیں
ایسے کرکٹرز جنہوں نے گذشتہ 12 ماہ کے دوران ایج گروپ، ویمنز اور مینز کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی، سابق کرکٹرز جو پی سی بی کےروزمرہ انتظامی امور میں شامل ہیں یا وہ کھلاڑی جن کا ری ہیب پروگرام جاری ہے، انہیں کوویڈ 19 پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے ان سہولیات کو استعمال کرنے کی اجازت ہے۔
پہلے مرحلے میں جو کھلاڑی بھی نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کی سہولیات کو استعمال کرنے کے اہل ہیں، انہیں nhpcbookings@pcb.com.pk پر پیشگی ای میل کے ذریعے اپنی بکنگ کرانی ہوگی۔
اس دوران سماجی فاصلے کے معیاری پروٹوکولز پر مکمل عمل کیا جائے گا اور ایک ہی سامان کو اسٹیرلائز کیے بغیر متعدد افراد کو استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔
کھلاڑیوں کو اپنے اسسٹنٹ اور ہیلپرز ہمراہ لانا منع ہوگا جبکہ نیٹ باؤلرز کی نامزدگی اور منظوری کے لیے بھی نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے حکام سے رابطہ کرنا ہوگا۔
بین الاقوامی کرکٹ کے معیار کے مطابق کھلاڑیوں کو نیٹ پریکٹس کے دوران گیند کو تھوک لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
این ایچ پی سی میں آمد پر کھلاڑیوں کو اپنے چہرے ماسک سے ڈھاپننے اور داخلی دروازے پر اپنا بخار چیک کرانا ہوگا۔ اس دوران کھلاڑیوں کو ڈس انفیکیشن گیٹ سے گزرنا اور اپنی مقررہ جگہ پر ہی ٹریننگ کرنا لازم ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: وائیڈ بال نہ کرانے والے 10 عظیم باؤلرز
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان نے کہا کہ ان پروٹوکولز کی تیاری اس لیے بھی ضروری تھی تاکہ ہمارے ایلیٹ کھلاڑی ایک بہترین اور محفوظ ماحول میں آئندہ سیزن کی تیاری کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایک جامع اور مربوط پلان کی تیاری پر اپنی میڈیکل ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں، انہیں اعتماد ہے کہ یہ ٹیم ہمارے کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنائے گی۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کا کہنا ہے کہ یہ غیرمعمولی حالات ہیں جوکہ مسلسل بدل رہے ہیں۔ صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں اور پرعزم ہیں کہ مستقبل قریب میں مزید کھلاڑیوں کے لیے بھی دروازے کھولیں گے۔
پی سی بی نے ملک میں کووڈ19 کی وباء کے پھیلاؤ کے سبب 17 مارچ کو کرکٹ کی تمام سرگرمیوں کو معطل کردیا تھا۔اب منگل کے روز پی سی بی نے تفریحی کرکٹ(غیر پیشہ ور)کی ان سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز کی اجازت دے دی ہے۔ اس حوالے سے تمام منتظمین اور شرکاء کوکووڈ19 سے متعلق حکومتی پروٹوکولز پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
ندیم خان کا کہناہے کہ تفریحی کرکٹ(غیر پیشہ ور)پر ہمارا کنٹرول تو نہیں ہے مگرپاکستان میں کھیل کی گورننگ باڈی کی حیثیت سے تمام منتظمین سے درخواست کرتے ہیں کہ ان سرگرمیوں میں شریک افراد کو حکومت کے پروٹوکولز برائے کوویڈ19 پر مکمل عمل کرنے کو یقینی بنائیں کیونکہ یہ خود ان کے، ان کے عزیز و اقارب اور کرکٹ کے بہترین مفاد میں ہے۔
ندیم خان نے کہا کہ کھیل ایک صحت مندانہ سرگرمی ہے اور اسے اسی حیثیت میں برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔