لاہور: (ویب ڈیسک) نوجوان بیٹسمین عبد اللہ شفیق کی سنچری اور اور وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کی نصف سنچری کی طوفانی اننگز کی بدولت سینٹرل پنجاب نے سدرن کیخلاف رنز کا کوہ ہمالیہ سر کر لیا۔ فاتح ٹیم نے 201 رنز کا ہدف19 اوورز میں حاصل کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے میچ میں سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تو اوپننگ کا آغاز کپتان اور نوجوان بیٹسمین ذیشان اشرف نے کیا۔
دونوں اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا، تاہم اس دوران ذیشان اشرف کو پہلا موقع اس وقت ملا جب نسیم شاہ نے انہیں بولڈ کیا تاہم امپائر کی طرف سے گیند نوبال قرار دیدی گئی، تاہم سدرن پنجاب کے وکٹ کیپر بیٹسمین بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
سدرن پنجاب کو پہلا نقصان 34 پر برداشت کرنا پڑا، ذیشان اشرف 15 سکور پر صہیب اللہ کا نشانہ بن گئے، اس کے بعد صہیب مقصود اور شان مسعود نے جارحانہ انداز اپنایا اور وکٹ کے چاروں طرف خوبصورت شارٹس کھیلے، 101 کے مجموعی سکور پر شان مسعود عثمان قادر کی شاندار گیند پر بولڈ ہو گئے۔ انہوں نے 33 گیندوں پر 51 رنز کی باری کھیلی۔
صہیب مقصود نے بھی 26 گیندوں پر 51 سکور بنائے، دیگر بیٹسمینوں میں حسین طلعت 34، خوشدل شاہ 6، سیف بدر 12، عامر یامین 18، محمد الیاس 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سدرن پنجاب کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 200 رنز بنائے۔
201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کامران اکمل اور رضوان حسین نے کیا، سدرن کے عامر یامین نے پہلی ہی گیند پر رضوان حسین کو پویلین بھیج دیا، اسی اوور کی اگلی گیند پر فاسٹ باؤلر نے عابد علی کو کریز چھوڑنے پر مجبور کر دیا، محمد الیاس نے کیچ تھاما۔
پہلے اوورز میں دو وکٹوں گنوانے کے بعد اوپنر اکمل اور عبد اللہ شفیق نے جارحانہ انداز اپنایا اور حریف باؤلرز کو بے بس کر دیا، دونوں کے درمیان 140 رنز سے زائد کی شراکت داری بنی۔
کامران اکمل 41 گیندوں پر 75 رنز بنا کر حسین طلعت کو وکٹ دے بیٹھے، عامر یامین نے کیچ تھاما، وکٹ کیپر بیٹسمین نے 11 چوکے اور دو چھکے لگائے۔
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے میچ کے دوران عبد اللہ شفیق نے سنچری بنائی۔ انہوں نے شاندار 102 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ سعد نسیم نے 18 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ سینٹرل پنجاب نے ہدف19 اوورز میں حاصل کر لیا۔ عامر یامین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔