لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 8 اکتوبر سے ویمنزہائی پرفارمنس کیمپ کے آغاز کا اعلان کردیا۔
31 اکتوبر تک جاری رہنے والے کیمپ میں طلب کردہ 27 خواتین کرکٹرزسمیت سپورٹ سٹاف کراچی کے بائیو سیکیور ببل میں رہیں گے، کیمپ 8 سے31 اکتوبر تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں لگے گا۔
پی سی بی نے کیمپ کے لیے 27 خواتین کھلاڑیوں کو کراچی طلب کرلیا ہے کھلاڑیوں میں ایمن انور،عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر، ناہیدہ خان شامل بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، ارم جاوید، جویریہ رؤف، جویریہ خان، کائنات امتیاز کیمپ میں شامل ہیں۔
کائنات حفیظ،ماہم طارق، منیبہ علی،نجیہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل،رامین شمیم، صباء نزیر، سعدیہ اقبال،سدرہ امین،سدرہ نوازاور سیدہ عروب شاہ سکواڈ کا حصہ ہونگی۔
اس دوران کراچی کے مقامی ہوٹل میں بائیو سیکیور ببل بنایا جائےگا ،27 کھلاڑیوں سمیت سپورٹ سٹاف کے مسلسل 2کووڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنا لازمی ہوگی۔ پی سی بی کے کووڈ19 پروٹوکولزکے مطابق ان تمام کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کو اپنے پہلے کوویڈ 19 ٹیسٹ خود کروانے ہوں گے۔
پی سی بی ان تمام افراد کو اس ٹیسٹ کے واجبات بعد میں ادا کر دے گا۔ جن کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے پہلے کووڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئے گی انہیں کراچی آنے کی اجازت دی جائے گی۔ دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر یہ تمام افراد بائیو سیکیور ببل میں چلے جائیں گے۔
ان کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی تیسری مرتبہ کوویڈ19 ٹیسٹنگ کیمپ کے دوران کی جائے گی۔ ان تمام افراد کو ٹریننگ کے دوران کوویڈ19 پروٹوکولز پر عمل کرنا ہوگا۔
شعبہ ہائی پرفارمنس سنٹر خواتین کرکٹرز کے اس کیمپ کے لیے سپورٹ سٹاف کی تقرری جلد کردے گا۔ اس دوران چند خواتین کرکٹرز نےلاہور میں این ایچ پی سی کے کوچز محمد یوسف، عتیق الزمان اور محمد زاہد کی زیرنگرانی ٹریننگ کا آغاز کردیاہے۔