لاہور: (ویب ڈیسک) نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے چھٹے میچ کے دوران سندھ کے اوپنرز شرجیل خان اور خرم منظور کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سندھ نے سینٹرل پنجاب کو باآسانی شکست دیدی۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں کھیلے جانے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے چھٹے میچ کے دوران سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔
ون ڈاؤن بیٹسمین عابد علی 58 کیساتھ ٹاپ سکورر رہے دیگر بیٹسمینوں میں کامران اکمل 10، رضوان حسین 1، عبد اللہ شفیق 18، سعد نسیم 14، عرفان خان نیازی 6، قاسم اکرم 21 اور عثمان قادر 20 رنز بنا سکے۔ سندھ کی طرف سے سہیل خان نے تین ، محمد اصغر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں سندھ کے اوپنزز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے جیت میں اہم کردار ادا کیا، خرم منظور اور شرجیل خان کے درمیان 134 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ بنی۔
شرجیل خان 56 گیندوں پر 77 رنز بنا کر احسان عادل کا نشانہ بن گئے، خرم منظور 50 سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اعظم خان نے 13 رنز کی باری کھیلی۔ سندھ نے ہدف 19ویں اوورز میں حاصل کیا۔ سرفراز احمد 7 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ احسان عادل نے 2 اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔