لنکا پریمیئر لیگ سے آندرے رسل سمیت پانچ غیر ملکی کرکٹرز دستبردار

Published On 27 October,2020 10:01 am

کولمبو: (روزنامہ دنیا) لنکا پریمیئر لیگ کو آغاز سے قبل ہی مشکلات نے گھیر لیا، 5 غیر ملکی کھلاڑی ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ویسٹ انڈین آل راؤنڈر آندرے رسل، جنوبی افریقی بیٹسمین فاف ڈوپلیسز اور ڈیوڈ ملر سمیت پانچ غیر ملکی کھلاڑیوں نے فرنچائز ٹیموں کے ڈرافٹ میں شمولیت کے باوجود ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے۔ کرکٹ سری لنکا کے مطابق ڈیوڈ ملر ، فاف ڈوپلیسز اور ڈیوڈ مالان نے نومبر میں جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان لمیٹڈ اوورز کی سیریز کے باعث سری لنکا میں ہونے والے ایونٹ میں اپنی عدم دستیابی سے آگاہ کیا۔

آندرے رسل انجری مسائل کے باعث میچز کھیلنے سے قاصر ہیں۔ بھارتی وکٹ کیپر منویندر بسلا کی غیر حاضری کی وجوہات کا علم نہیں ہو سکا ہے۔