رمیز راجہ ’’سپر اوور ‘‘میں پاکستانی حکمت عملی پر حیران

Published On 05 November,2020 02:17 pm

کراچی: (روزنامہ دنیا) زمبابوے کیخلاف تیسرے ون ڈے میں سپراوور کے دوران پاکستانی حکمت عملی پر حیران کمنٹیٹر رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ فیصلہ کن مرحلے کیلئے پلیئرز کا انتخاب درست نہیں تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ سنچری بنانے والے بابر اعظم کو خود بیٹنگ کیلئے آنا تھا جن کو گیند فٹ بال نظر آ رہی تھی لیکن انہوں نے فخرزمان، خوشدل شاہ اور افتخار احمد کو موقع دے کر بہتر فیصلہ نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلو پورے پاکستانی کرکٹ سسٹم کیلئے صدمے سے کم نہیں کہ نوجوان پلیئرز کا ٹمپرامنٹ لیول ضرورت کے مطابق ہرگز نہیں ہے۔

دوسری جانب زمبابوے کیخلاف سپراوور کی ناقص پلاننگ پر قومی کپتان بابر اعظم نے آئندہ غلطیاں نہ دہرانے کی یقین دہانی کروا دی، کہتے ہیں ون اوور ایلی منیٹر کیلئے بڑی احتیاط کے ساتھ پلیئرز کو میدان میں اتارا، یہی پاور ہٹرز اور میچ فنشرز ہیں لیکن بدقسمتی سے میچ کا اختتام موثر انداز سے نہیں کر سکے۔