کراچی میں کرکٹ میلہ سج گیا، پی ایس ایل فائیو کے پلے آف مرحلے کا آج سے آغاز

Published On 14 November,2020 08:18 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) کراچی میں کرکٹ میلہ سج گیا، مارچ میں کورونا کے باعث ملتوی شدہ پی ایس ایل 5 کے پلے آف میچز کا سلسلہ آج بحال ہو رہا ہے، آج کوالیفائر میں ایونٹ کی سرفہرست ملتان سلطانز کو کراچی کنگز کا چیلنج درپیش ہوگا۔ اس کے بعد ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کا مقابلہ ہوگا۔

ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم نہ صرف چمچماتی ٹرافی کی حقدار بنے گی بلکہ اسے 5 لاکھ امریکی ڈالر بھی ملیں گے جو کہ پاکستانی کرنسی میں تقریباً 8 کروڑ روپے بنتے ہیں۔ ٹورنامنٹ کی کل انعامی رقم 1 ملین ڈالر رکھی گئی ہے۔ جس میں سے 2 لاکھ ڈالرفائنل مقابلے میں شکست کھانے والی ٹیم کو ملیں گے۔ 80 ہزار ڈالر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کرنے والے پلیئر، بہترین بیٹسمین، بہترین باؤلر اور سپرٹ آف دی کرکٹ کا اعزاز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں تقسیم کئے جائیں گے۔

تماشائیوں کو آمد کی اجازت نہ ہونے کے باوجود انکلوژرز کی نشستوں کو دھو کر صاف کر دیا گیا ہے، وینیو کو پرکشش بنانے کیلئے بڑے پینافلیکس لگائے گئے ہیں، غیر متعلقہ افراد کو کھلاڑیوں یا آفیشلز کے قریب بھی نہیں پھٹکنے دیا جائے گا۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی فول پروف سکیورٹی کیلئے پلان فائنل کر لیا گیا، میدان کے وسط میں 3 پچز کو میچز کیلئے مختص کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز ٹیموں کو اینٹی کرپشن اور اینٹی ڈوپنگ کا سبق بھی پڑھایا گیا۔ لاہور قلندرز کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچوں میں مخالف ٹیموں کے بلے بازوں کو میری اور حارث رؤف کی طرف سے جارحانہ باؤلنگ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ نوجوان باؤلر نے کہا کہ سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کے لئے تیار ہیں۔ لاہور قلندر نے پلے آف میچوں کیلئے بھرپور تیاری کی ہے۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ اس سال میری کارکردگی اچھی رہی اور اپنی اس کارکردگی کو پی ایس ایل پلے آف میچز میں بھی دہراؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی اچھی پرفارمنس سے لاہور قلندرز کو جیت دلانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے مخالف بلے بازوں کو خبردار کیا کہ انہیں میری اور حارث رؤف کی جارحانہ باؤلنگ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
 

Advertisement